صوبہ خیبر پختون خواہ کے دارالحکومت پشاو رمیں پاکستانی اور افغان ادیبوں ، شعرا اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے دو روز ہ امن کانفرنس میں علاقائی امن اور دہشت گردی کے خاتمے کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔
اس کانفرنس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ہفتے کو کانفرنس کے آخری روز شرکاء نے خطے میں جاری دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر نے نہ صرف اپنی پرتشدد کارروائیوں سے ہزاروں لوگوں کو ہلاک کیا بلکہ اربوں روپے مالیت کی املاک کو بھی تباہ کر دیا ہے ۔ اُنھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملوں سے خطے کی اقتصادی اور سماجی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
امن کانفرنس سے خطاب کرنے والے دانشورں نے علاقائی امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان اور افغان سیاسی قائدین ، مذہبی رہنماؤں اور دانشوروں پر مشتمل مشترکہ جرگہ کی تشکیل کا مطالبہ کیا تاکہ خطے میں قیام امن کے لیے ایک حکمت بنائی جاسکے۔ شرکاء نے دونوں ممالک کی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ باہمی اعتماد سازی کے لیے عملی اقدامات اور قریبی تعاون کریں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں ماہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے افغان صدر حامد کرزئی کی دعوت پر کابل کا دورہ کیا اور اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے خطے میں مصالحت کے فروغ اور قیام امن کے لیے مشترکہ کمیشن بنانے پر اتفاق کیا ۔
مقبول ترین
1