رسائی کے لنکس

پیپلز پارٹی سوئس مقدمات دوبارہ کھولنے کے مخالف


پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو

اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ سوئس کیس پر اتنا غور کیوں کیا جار ہا ہے کیونکہ بنیادی طور پر یہ کیس محترمہ بینظیر بھٹو کے خلاف تھا جو پرنسپل ا یکیوز تھیں اور صدر مملکت آصف علی زرداری شریک ملزم تھے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 31ویں برسی کے موقع پر نوڈیرو میں پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سوئس مقدمات دوبارہ کھولنے کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بات پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات فوزیہ وہاب نے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کو بتائی ”جوٹرائل کی بات کی جارہی ہے بیگم نصرت بھٹو اور جو محترمہ بینظیر بھٹو کے لیے اس پر سب نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے اور اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ سوئس کیس پر اتنا غور کیوں کیا جار ہا ہے کیونکہ بنیادی طور پر یہ کیس محترمہ بینظیر بھٹو کے خلاف تھا جو پرنسپل ا یکیوز تھیں اور صدر مملکت آصف علی زرداری شریک ملزم تھے“۔

واضح رہے کہ سوئس مقدمات دوبارہ کھولنے کے حوالے سے پاکستان کی عدالت عظمیٰ میں مقدمہ زیر سماعت ہے اور اس حوالے سے اٹارنی جنرل انور منصور خان وزرات قانون کی جانب سے عدم تعاون کی شکایت پر جمعہ کے دن اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔

یاد رہے کہ حکومت اس عزم کا اظہار کر تی آئی ہے کہ وہ عدلیہ کی آزادی پر پورا یقین رکھتی ہے اور اس ضمن میں عدالتی فیصلوں کا احترام کرتی ہے ۔

اُدھر استعفیٰ کے بعد کراچی پہنچنے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انور منصور خان نے حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر آئین کے مطابق عمل کرے تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئین کے تحت صدر زرداری کو مقدمات میں استثنا حاصل ہے ۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر اتوار کو مختلف شہروں میں دعائیہ تقاریر کا اہتمام ہوا جب کہ برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش بھٹو میں منعقد ہوئی جہاں ملک بھر سے آئے پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

XS
SM
MD
LG