شام کے سرکاری میڈیا نے خبر دی ہے کہ دارالحکومت دمشق میں ہونے والے خود کش بم دھماکے میں کم ازکم 25 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی’صنا‘ کا کہنا ہے کہ جمعہ کو حملہ آور نے دارالحکومت کے مرکزی ضلع میدان میں خود کو دھماکے سے اڑایا۔ واقعے میں کم ازکم 46 افراد زخمی ہوئے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق بظاہر اس حملے کا ہدف پولیس اہلکاروں کو لے جانے والی ایک بس تھی۔
تاحال کسی نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ دو ہفتے قبل دمشق میں سرکاری عمارتوں پر ہونے والے دو بم حملوں میں 44 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔