رسائی کے لنکس

غزہ میں امداد پہنچانے کی سفارتی کوششیں ناکام


غزہ کے الشفا اسپتال میں بڑی تعداد میں زخمیوں کو لایا جا رہا ہے جہاں اب جگہ اور ادویات کی شدید قلت ہے اور جنریٹرز کا ایندھن ختم ہو رہا ہے۔ 16 اکتوبر 2023
غزہ کے الشفا اسپتال میں بڑی تعداد میں زخمیوں کو لایا جا رہا ہے جہاں اب جگہ اور ادویات کی شدید قلت ہے اور جنریٹرز کا ایندھن ختم ہو رہا ہے۔ 16 اکتوبر 2023

غزہ کی محصور پٹی میں امداد فراہم کرنے کی سفارتی کوششیں ناکام ہو گئیں ہیں، جہاں اسرائیلی فوج کی بمباری سے 2700 سے زیادہ افراد ہلاک اور 10 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں اور بجلی، پانی اور خوراک کی فراہمی روک دیے جانے سے بحرانی صورتحال ہے۔

رائٹرز نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیل نے لبنان کی سرحد سے ملحق اپنے علاقے میں بستیوں کو خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے جس سے یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ اسرائیل غزہ جنگ کا دائرہ ایک اور محاذ تک پھیل سکتا ہے۔

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ کے دس لاکھ سے زیادہ باشندے اپنے گھروں سے بے دخل ہو چکے ہیں۔ شہر میں بجلی موجود نہیں، پانی کی شدید قلت ہے اور اسپتال کے ایمرجنسی جنریٹرز کا ایندھن بمشکل ایک دن نکال سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اتوار کی رات کو، غزہ پر ، جنگ شروع ہونے کے بعد اب تک کے سب سے شدید فضائی حملے ہوئے اور دن بھر گولے برسائے جاتے رہے۔

غزہ کے سول ایمرجنسی آفیسر عابد ساقر نے رائٹرز کو بتایا کہ غزہ کے مختلف علاقوں میں بمباری سے شدید تباہی ہوئی ہے اور ملبے کے نیچے اب بھی کم از کم ایک ہزار لاشیں دبی ہوئی ہیں۔

اسرائیل نے لبنان کی سرحد سے دو کلومیٹر کے اندر واقع اپنے 28 دیہات خالی کرنے کا حکم دیا ہے ۔ جس سے حزب اللہ کے ساتھ بھی جنگی محاذ کھلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

اس سے پہلے لبنان میں قائم عسکریت پسند شیعہ گروپ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان 2006 میں تقریباً ایک مہینے تک جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا ہے۔ حماس کی طرح حزب اللہ کو بھی ایران کی حمایت حاصل ہے۔

رفاہ کراسنگ کے قریب مصر کے العریش قصبے میں غزہ میں امدادی سامان سے بھرے ٹرک اجازت ملنے کا انتظار کر رہے ہیں۔
رفاہ کراسنگ کے قریب مصر کے العریش قصبے میں غزہ میں امدادی سامان سے بھرے ٹرک اجازت ملنے کا انتظار کر رہے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئےاسرائیلوں پر زور دیا کہ وہ خود کو ایک لمبی جنگ کے لیے تیار رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ہم ایک ہدف پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ ہم نے اپنی فورسز کو متحد کرنا اور فتح کے لیے آگے بڑھنا ہے۔ اس کے لیے عزم کی ضرورت ہے کیونکہ فتح میں کچھ وقت لگے گا۔

انہوں نے اپنے پڑوسیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ میرا ایران اور حزب اللہ کے لیے ایک پیغام ہے کہ وہ ہمیں شمال میں نہ آزمائیں۔ ایسی غلطی نہ دوہرائیں جو آپ نے ایک بار پہلے کی تھی۔کیونکہ آپ اب اس کی جو قیمت ادا کریں گے وہ بہت بھاری ہو گی۔

غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی بمباری کے بعد تباہ ہونے والے مکانوں کے ملبے سے لوگ زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کو تلاش کر رہے ہیں۔16 اکتوبر 2023
غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی بمباری کے بعد تباہ ہونے والے مکانوں کے ملبے سے لوگ زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کو تلاش کر رہے ہیں۔16 اکتوبر 2023

اسرائیل اور حماس کی لڑائی شروع ہوئے 10 روز ہو چکے ہیں ، لیکن ابھی تک حماس کی اسرائیل کی جانب راکٹ فائر کرنے کی صلاحیت برقرار ہے۔ اور اسرائیلی علاقے سے اب بھی خطرے کے سائرن سنائی دیتے ہیں۔

سفارتی کوششوں کے سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن خطے کا دورہ کر رہے ہیں اور پانچ دنوں میں وہ اب دوسری بار اسرائیل پہنچے ہیں۔

فلسطینیوں کو امداد پہنچانے کی کوششوں میں توجہ ر رفاہ کراسنگ پر بھی مرکوز ہے۔ یہ واحد راستہ ہے جو اسرائیل کے کنٹرول میں نہیں ہے ۔ پیر کے روز مصر کی حدود میں کراسنگ کے قریب العریش قصبے میں امدادی سامان سے بھرے ہوئے ٹرک اجازت ملنے کا انتظار کر رہے تھے۔قاہرہ کا کہنا ہے کہ رفاہ کراسنگ کو بند نہیں کیا گیا لیکن غزہ کی جانب یہ راستہ اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے ناقابل استعمال ہو چکا ہے۔

غزہ کی پٹی میں واقع نصریات پناہ گزیں کیمپ میں اسرائیلی بمباری کے بعد ایک لڑکا ملبے کے ڈھیر پر افسردہ بیٹھا ہے۔ 16 اکتوبر 2023
غزہ کی پٹی میں واقع نصریات پناہ گزیں کیمپ میں اسرائیلی بمباری کے بعد ایک لڑکا ملبے کے ڈھیر پر افسردہ بیٹھا ہے۔ 16 اکتوبر 2023

پیر کی صبح مصر کے سیکیورٹی ذرائع نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ جنوبی غزہ میں چند گھنٹوں کی جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے تاکہ رفاہ کراسنگ سے امداد کی ترسیل ہو سکے اور غزہ چھوڑنے کے خواہش مند شہر سے نکل سکیں، لیکن بعد ازاں اسرائیل اور حماس دونوں نے ہی کسی جنگ بندی کی تردید کر دی۔

مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امداد کے لیے, اسرائیل کے ساتھ رفاہ کراسنگ کھولنے کی بات چیت اب تک بے نتیجہ رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے دفتر نے زور دیا ہے کہ جان بچانے کی امداد بلا تاخیر غزہ پہنچانے کے لیے رفاہ کراسنگ کھولنے کی اجازت دی جائے۔

مصر کی سرحد کے ساتھ واقع رفع کراسنگ پر غزہ کی جانب غیر ملکیوں کا ہجوم سرحد پار کرنے کی اجازت ملنے کا منتظر۔16 اکتوبر 2023
مصر کی سرحد کے ساتھ واقع رفع کراسنگ پر غزہ کی جانب غیر ملکیوں کا ہجوم سرحد پار کرنے کی اجازت ملنے کا منتظر۔16 اکتوبر 2023

واشنگٹن یہ کوشش کر رہا ہے کہ مختصر وقت کے لیے اس کراسنگ کو کھول دیا جائے تاکہ غزہ میں پھنسے ہوئے وہ چند سو افراد وہاں سے نکل سکیں جن کے پاس امریکی پاسپورٹ ہے۔

تاہم رائٹرز نےایک اور رپورٹ میں بتایا ہے کہ 16 اکتوبر کو اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے درمیان جاری تنازعہ کے درمیان کچھ امریکی شہری اور ان کے قریبی خاندان کے افراداسرائیل کی تین بڑی بندر گاہوں میں سے ایک، حائفہ، سےبحری جہاز کے ذریعہ قبرص جانے کے لیے وہاں پہنچے ہیں۔

(اس تحریر کے لیے کچھ معلومات رائٹڑز سے لی گئیں ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG