رسائی کے لنکس

'تنو ویڈز منو': تنو کی شادی ہوگئی منو سے اور۔۔۔


'تنو ویڈز منو': تنو کی شادی ہوگئی منو سے اور۔۔۔
'تنو ویڈز منو': تنو کی شادی ہوگئی منو سے اور۔۔۔

ارے بھئی گھبرایئے نہیں دراصل "تنو ویڈز منو" نام ہے نئی بھارتی فلم کا جس کے ڈائریکٹر شیلندر آر سنگھ اور ونود بچن ہیں جبکہ نمایاں فنکاروں میں کنگنا راناوت اور مادھون شامل ہیں۔ تنو کا پورا نام 'تنوجا تری ویدی' عرف تنو ہے جو کانپور کی رہنے والی ہے اور متوسط طبقے سے تعلق رکھتی ہے۔ اسے اپنے ہی انداز سے جینے کا شوق ہے۔ مثلاً اسے ہر وہ کام پسندہے جو لڑکے کرتے ہیں جیسے بھاری بھرکم بلٹ بائیک کو بھیڑ بھاڑ والے بازاروں میں چلانا اور لوگوں کو ڈرانا دھمکانا۔ جبکہ اس کے والدین کو اس کی یہ حرکتیں ذرا پسند نہیں۔

تنو اس قدر ماڈرن خیالات رکھتی ہے کہ شادی اور وہ بھی ارینج میریج اسے قطعی پسند نہیں۔ ادھر اس کے والد تنو کی شادی کے لئے فکر مند ہیں اور اچھے سے رشتے کی تلاش میں ہیں۔ منوج شرما عرف منو ان تمام خوبیوں کا مالک ہے جو ایک اچھے رشتے کے لئے لڑکی کے والدین کو درکار ہوتی ہیں۔ وہ پڑھائی مکمل کرکے لندن میں سیٹل ہوچکا ہے مگر اپنے ماں باپ کی مرضی سے شادی کرنے دہلی آیا ہوا ہے۔

والدین کے کہنے پر ہی منو، تنو کو دیکھنے دہلی سے کانپور پہنچ جاتا ہے اور اس سے پہلے کہ شادی کے لئے بات آگے بڑھتی منو، تنو کو پسند کرنے لگتا ہے حالانکہ دونو ں کے مزاج ہی نہیں، سب کچھ مختلف ہے۔ ایک آگ تو دوسرا پانی ہے لیکن پھر بھی خاندان والے رشتہ طے کردیتے ہیں۔ رشتہ ہوتے ہی دونوں شہر سے باہر سیر کے لئے نکل پڑتے ہیں مگر تنو، منو کو وہ ناچ نچاتی ہے کہ منو شادی سے انکار کردیتا ہے۔

پوری فلم تنو اور منو کے گرد ہی گھومتی رہتی ہے۔ کنگنا اور مادھون دونوں اپنے اپنے رول میں خوب جمے ہیں۔ اہم کرداروں میں ایک کردار منو کے ایک دوست (دیپک) کا بھی ہے جس نے اپنے رول سے پورا پورا انصاف کیا ہے۔

فلم کی کہانی اگر چہ بہت سیدھی سادھی سی ہے مگر کہانی کو جن مصالحوں میں لپیٹ کر پیش کیا گیا ہے وہ شاید مجبوری ہے ورنہ فلم پہلے دن ہی ڈبوں میں دوبارہ بند ہوجاتی۔ کلائمیکس کو بہت زیادہ طویل کردیا گیا ہے جو برا لگا ہے۔

فلم کا میوزک اچھا اور تین گانے لاجواب ہیں۔ فلم میں کانپور، لکھنو اور کپور تھلا کی بہترین لوکیشنز کو نیا لک دیا گیاہے۔ کہانی کی رفتار سست ہے اور درمیان میں بوریت ہونے لگتی ہے لیکن اس کے باوجود صرف وقت پاس کرنے کی غرض سے فلم دیکھی جاسکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG