رسائی کے لنکس

پی ایس ایل 4 کی ٹیمیں: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پشاور زلمی کی حریف


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ کے پہلے سیزن میں فائنل تک پہنچنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اگر پشاور زلمی کا سب سے بڑا حریف سمجھا جائے تو غلط نہیں ہوگا کیوں کہ وہ 10 بار پشاور زلمی کے مدِ مقابل آچکی ہے۔

اس بار ٹیم میں ایک بڑی تبدیلی یہ ہے کہ اسے انگلش بیٹسمین کیون پیٹرسن کی خدمات حاصل نہیں۔ پیٹرسن گزشتہ برس ہر قسم کی بین الاقوامی لیگز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2016ء میں پی ایس ایل کے پہلے سیزن میں فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا جہاں اُس کا مقابلہ دبئی میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوا تھا۔

کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 174رنز بنائے تھے۔ اسلام آباد نے ہدف 8 گیند پہلے 4 وکٹیں گنواکر حاصل کرلیا تھا۔

پی ایس ایل سیزن فور میں بھی قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کریں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں عمر اکمل، احمد شہزاد، ریلی روسو کے ساتھ ساتھ محمد اعظم خان اور احسن علی جیسے اسپیشلسٹ بیٹسمین شامل ہیں۔

آل راؤنڈر کی شکل میں شین واٹسن، محمد نواز، انور علی، سعود شکیل، سنیل نارائن، سہیل تنویر، ڈی جے براوو، جلات خان اور دانش عزیز ٹیم کا حصہ ہیں۔

اسپیشلسٹ بالرز میں ہیری گرنی، فواد احمد، محمد اصغر، غلام مدثر اور محمد حسنین حریف ٹیم کی وکٹیں گرانے کے لیے بے تاب ہیں۔

ویسٹ انڈین آل راؤنڈر اور ٹی20 کرکٹ کے ماہر ڈیوین براوو بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہیں جو 2006ء کے بعد پہلی بار پاکستان آئیں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل میں اب تک مجموعی طور پر 31 میچ کھیلے جن میں سے 17 جیتے اور 13 میں اسے شکست ہوئی۔ اس طرح اُس کی کامیابی کا تناسب 54 اعشاریہ 83 ہے۔

کوئٹہ کی ٹیم سب سے زیادہ 10 بار پشاور زلمی کے مدِ مقابل آئی۔ چار مرتبہ جیت اس کا مقدر بنی جبکہ 5 میچوں میں شکست ہوئی اور ایک میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا زیادہ سے زیادہ اسکور 203 رنز تین کھلاڑی آؤٹ ہے جو اُس نے پہلے سیزن میں لاہور قلندرز کے خلاف بنایا تھا۔ کم ترین اسکور 90 رنز ہے جو پشاور زلمی کے خلاف لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بنا تھا۔

کیون پیٹرسن کو کوئٹہ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے 26 اعشاریہ 56 کی اوسط سے مجموعی طور پر 611 رنز بنائے ہیں۔ اُن کے بعد کپتان سرفراز احمد نے 30 اعشاریہ 2 کی اوسط سے 574 رنز اسکور کیے۔

کوئٹہ کے کسی بھی کھلاڑی کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 90 رنز ہے جو شین واٹسن نے 2018ء میں کراچی کنگز کے خلاف بنایا تھا۔

محمد نواز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سب سے کامیاب بالر ہیں۔ وہ 23 اعشاریہ 13 کی اوسط سے مجموعی طور پر 30 وکٹیں لے چکے ہیں۔ ان کی بہترین پرفارمنس 13 رنز کے عوض 4 وکٹ ہے۔

احمد شہزاد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن کا اہم ستون ہیں۔ وہ اپنی ٹیم کی طرف سے مجموعی طور پر 532 رنز بنا چکے ہیں اور پیٹر سن اور سرفراز احمد کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔

چوتھا نمبر ریلی روسو کا آتا ہے جو 2017 اور 2018 کے سیزن میں مجموعی طور پر 19 میچز کھیل کر 455 رنز بنا چکے ہیں۔ ان کا اوسط 35 اور کسی بھی اننگز میں زیادہ سے زیادہ اسکور 76 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔

آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن سے بھی کوئٹہ کو بڑی توقعات ہیں۔ شین واٹسن نے گزشتہ سیزن میں کوئٹہ کی جانب سے 10 میچز کھیلے اور 35 اعشاریہ 44 کی اوسط سے 319 رنز بنائے جس میں 90 رنز کی سب سے بڑی اننگز بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ لیفٹ آرم فاسٹ بالر سہیل تنویر اور اسپن بولنگ سے حریف بیٹسمینوں کو پریشان کرنے والے ویسٹ انڈین بالر سنیل نارائن بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اہم ہتھیار ہیں۔ دونوں کھلاڑی دھواں دار بیٹنگ کے حوالے سے بھی کافی شہرت رکھتے ہیں اور آخری لمحات میں ٹیم کو رنز کی ضرورت پڑے تو گیند کو بآسانی باؤنڈری لائن کے باہر پھینک سکتے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان کی معروف اداکارہ مایا علی کو اپنا برانڈ امبیسیڈر مقرر کیا ہے۔ ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مصروف شیڈول کے باوجود وہ افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گی اور ایونٹ کے دوران ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں گی۔

XS
SM
MD
LG