رسائی کے لنکس

ٹینس: جوکووچ 2011ء کے بہترین کھلاڑی قرار


ٹینس: جوکووچ 2011ء کے بہترین کھلاڑی قرار
ٹینس: جوکووچ 2011ء کے بہترین کھلاڑی قرار

بین الاقوامی ٹینس فیڈریشن نے عالمی نمبر ایک، نوواک جوکووچ، کو سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے جب کہ 2011ء کا 'ومبلڈن کپ' جیتنے والی پیٹرا کیویٹووا سال کی بہترین خاتون کھلاڑی قرار پائی ہیں۔

دونوں کھلاڑیوں کو یہ اعزاز 2011ء میں اپنے کیریئر کی شان دار ترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

سربیا سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ جوکووچ، 2003ء کے بعد، راجر فیڈرر اور رافیل نڈال کے علاوہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔

جوکووچ نے رواں سال تین گرینڈ سلیم ٹائٹلز- آسٹریلین اوپن، ومبلڈن اور یو ایس اوپن- اور پانچ 'ماسٹرز' مقابلوں سمیت کل 10 عالمی مقابلوں میں فتح حاصل کی اور کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔

خواتین کھلاڑیوں میں چیک ری پبلک کی پیٹرا کیوی ٹووا 2011ء کی 'عالمی چیمپئن' قرار پائی ہیں جنہوں نے رواں سال 'ومبلڈن کپ' جیت کر اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل حاصل کیا۔

کیوویٹووا نے اکتوبر میں ہونے والے 'فیڈریشن کپ ' میں بھی اپنے ملک کو فتح دلائی تھی اور رواں سال کل چھ عالمی مقابلے اپنے نام کر کے عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر تک رسائی حاصل کی۔

کیویٹووا 1990ء کے بعد خواتین کے سنگل مقابلوں میں کوئی گرینڈ سلیم ایونٹ جیتنے والی چیک ری پبلک کی پہلی کھلاڑی ہیں۔

امریکی برادران باب برائن اور مائیک برائن آٹھویں بار سال کی بہترین جوڑی کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے جب کہ خواتین میں 'ڈبلز ورلڈ چیمپئنز' کا اعزاز چیک ری پبلک کی کیویٹا پیچکے اور سلواکیہ کی کیٹرینا سریبوٹنک کے حصے میں آیا۔

کامیاب کھلاڑیوں کو ان کے اعزازات آئندہ برس جون میں 'فرینچ اوپن' کے دوران منعقد ہونے والے سالانہ عشائیہ کے موقع پر دیے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG