رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ: بادشاہ کا 'دیدار عام' منسوخ


بادشاہ کی سالگرہ تھائی لینڈ میں "فادرز ڈے" کے طور پر منائی جاتی ہے اور اس دن عام تعطیل ہوتی ہے۔

تھائی لینڈ کے بادشاہ بھومیبو ادولیادج نے اپنی 87 ویں سالگرہ کے موقع پر جمعہ کو ڈاکٹروں کے مشورے سے دیدار عام کا پروگرام منسوخ کر دیا۔

اس منسوخی سے ان ہزاروں افراد کو مایوسی ہوئی جو اپنے بادشاہ کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بنکاک کے سریراج اسپتال کے باہر پڑاؤ ڈالے ہوئے تھے۔

بادشاہ کی سالگرہ تھائی لینڈ میں "فادرز ڈے" کے طور پر منائی جاتی ہے اور اس دن عام تعطیل ہوتی ہے۔

بادشاہ کے دیدار عام کی منسوخی سے ان کی صحت سے متعلق قیاس آرائیوں کو مزید تقویت ملی ہے۔ بھومیبو تھائی لینڈ میں بہت سوں کے لیے نہ صرف ایک دیوتا کا درجہ رکھتے ہیں بلکہ کئی برسوں پر محیط سیاسی بدامنی میں اتحاد کی ایک علامت بھی سمجھے جاتے ہیں۔

یہ سب کچھ ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب تھائی لینڈ میں گزشتہ چھ ماہ سے فوج اقتدار پر براجمان ہے جب کہ بدعنوانی کی ایک تحقیقات کے بعد ولی عہد کی اہلیہ شہزادی سریراسمی کے رشتے داروں کی گرفتاری بھی عمل میں آ چکی ہے۔

بادشاہ بھومیبو کو اکتوبر میں اسپتال داخل کیا گیا تھا جہاں ان کے پتے کا آپریشن بھی کیا جا چکا ہے۔

شاہی امور خانہ کے ایک بیان کے مطابق "شاہی طبی ماہرین کی ٹیم اس بات پر متفق ہے۔۔۔ بادشاہ ابھی جلوہ افروز ہونے کے لیے تیار نہیں ہیں لہذا ڈاکٹروں نے صلاح دی ہے کہ وہ شاہی سرگرمیاں منسوخ کر دیں۔"

بادشاہ آخری مرتبہ نومبر میں منظر عام پر آئے تھے۔

XS
SM
MD
LG