کراچی —
گلیمر، خوشبو، خوبصورتی، رنگوں اور روشنیوں سے سجی ممبئی کی فلمی نگری میں ’سب اچھا‘ اور ’خوبصورت‘ نظر آتا ہے۔ یہاں جھلملانے والے ستارے کروڑوں لوگوں کے آئیڈیل ہوتے ہیں اور نوجوان ان جیسا بننے کے خواب دیکھتے ہیں۔
لیکن ان ستاروں اور اس چکاچوند نگری کا ایک اور بھی رخ ہے جو روشن نہیں بلکہ تاریک ہے اور جس کا اقرار کچھ اسٹارز تو کھلے عام کرتے ہیں۔ لیکن، کچھ اپنےامیج کی خاطر انکار کر دیتے ہیں۔ ایسا ہی ایک تاریک پہلو ہے کچھ بالی وڈ اسٹارز کی جانب سے ڈرگز یا منشیات استعمال کرنا۔
بھارت کے ایک مقبول ترین رسالے ’انڈیا ٹو ڈے‘ نے بالی وڈ کے ان ٹاپ اسٹارز سے متعلق ایک رپورٹ شائع کی ہے جو ماضی میں منشیات استعمال کرتے رہے ہیں۔
رنبیر کپور
پے در پے 100 کروڑ کا بزنس کرنے والی میگا ہٹس کے ہیرو رنبیر کپور بالی وڈ کے نئے سپر اسٹار ہیں جن کا ایک زمانہ دیوانہ ہے۔ ’انڈیا ٹوڈے‘ سے بات چیت میں رنبیر کپور نے بتایا کہ وہ ناصرف اسکول کے زمانے میں چرس سے بھری سگریٹ پیتے تھے بلکہ فلم ’راک اسٹار‘ کی شوٹنگ کے دوان بھی انہوں نے چرس استعمال کی، تاکہ اپنے اپنی پرفارمنس بہتر کرسکیں۔
رنبیر کے مطابق، ’300سے زائد بے زار جونیئر آرٹسٹس کے ساتھ زندگی سے بھرپور راک سانگ کی پکچرائزیشن میں ’چرس‘ کے بغیر حقیقی رنگ آنا مشکل تھا۔‘
سنجے دت
سلوراسکرین پر برائی کے مقابلے میں اچھائی کو پروموٹ کرنے والے ’منا بھائی‘ ابتدائی دور میں باقاعدگی سے ڈرگز استعمال کرتے تھے اور اسی سبب شروع میں ان کا کیرئیر مشکلات کا شکار رہا۔
سنجے کو 1982ءمیں ڈرگز کیس میں پانچ مہینے کی سزا بھی کاٹنا پڑی۔ تاہم، سنجے کے والد سنیل دت نے ہمت سے کام لیتے ہوئے اپنے بیٹے کی بری عادتیں ختم کرنے کی کوشش جاری رکھی۔، یہاں تک کہ وہ ایک امریکی ڈرگ ری ہیبلی ٹیشن سینٹر میں زیرعلاج بھی رہے۔
فردین خان
بالی وڈ ہیرو فردین خان 5مئی 2001ءکو اُس وقت خبروں کی ہیڈ لائنز بن گئے جب انہیں ممبئی کے پوش علاقے جوہو سے گرفتار کرکے ان کے قبضے سے کوکین برآمد کی گئی جبکہ ڈرگرز سے چھٹکارے کے لئے ان کا سرکاری اسپتال میں علاج بھی کروایا گیا۔ فردین نے ڈرگز کیس میں معافی کی درخواست بھی دائر کی جسے مارچ سنہ 2012میں جاکر منظوری ملی۔
وجے راز
فلم ’مون سون ویڈنگ‘ اور ’دہلی بیلی‘ جیسی فلموں میں کام کرنے والے وجے راز کو ڈرگز رکھنے کے الزام میں 2005میں دبئی ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔
ڈی جے عقیل
بالی ووڈ ایکٹر سنجے خان کے داماد اور کامیاب ڈسکو جوکی عقیل کو بھی نشہ آور شے رکھنے کے الزام میں 3جون2007کو دبئی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔ بعد میں پولیس کی جانب سے کرائے جانے والے ڈرگز ٹیسٹ سے تصدیق ہوئی کہ عقیل نے ڈرگز استعمال نہیں کی تھیں۔
گیتانجلی ناگپال
سنہ 90 کی دھائی میں فیشن شوز کی جان سمجھی جانے والی ماڈل گیتا نجلی بھی ڈرگز کا شکار ہو کر نام ،شہرت اور پیسہ سبھی سے ہاتھ دھو بیٹھیں اور آخرکار نشے کی عادت کے ہاتھوں ایک فٹ پاتھ پر جان کی بازی ہار گئیں۔ گیتانجلی نے سشمیتا سین کے ساتھ بھی کئی فیشن شوز میں حصہ لیاتھا۔
راہول مہاجن
ٹی وی جج ،ہوسٹ اور پی جے پی کے لیڈر پرمود مہاجن کے بیٹے راہول مہاجن کوجون2006 ءمیں ڈرگزکی زیادہ مقدار لینے کے باعث حالت غیر ہوجانے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد راہول کو ڈرگز رکھنے اور استعمال کرنے پر گرفتار بھی کیا گیا تھا۔