بھارت میں لگ بھگ 10برس بعد کوئی پاکستانی فلم ریلیز کے لیے تیار ہے۔ فواد خان اور ماہرہ خان کی فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' نئی دہلی کے ساتھ ساتھ بھارتی ریاست پنجاب کے چند سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
بھارتی اخبار 'دی اکنامک ٹائمز' کے مطابق انٹرٹینمنٹ کمپنی اور ملٹی پلیکس چین 'آئی ناکس لیژر' کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ جمعے کو بھارت میں ریلیز کی جائے گی۔"
'آئی ناکس لیژر' نے مزید کہا کہ تقریباً 10 برس بعد بھارت میں کوئی پاکستانی فلم ریلیز کی جا رہی ہے۔
کمپنی کے چیف پروگرامنگ افسر رجیندر سنگھ جیالا نے بھارت کی سرکاری خبر رساں ادارے 'پریس ٹرسٹ آف انڈیا' کو بتایا کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ ریاست پنجاب سمیت دہلی کے ان سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی جہاں پنجابی زبان بولنے والے افراد ہوں گے۔
'دی اکنامک ٹائمز' کے مطابق اس کے علاوہ بھارت کی ملٹی پلیکس سنیما چین پی وی آر سنیماز نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پاکستانی فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی ریلیز کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے یہ پوسٹ انسٹاگرام سے ڈیلیٹ کر دی تھی۔
بھارت کی سیاسی جماعت مہاراشٹرا نونرمن سینا (ایم این ایس) کے رہنما امے کھوپکر نے رواں ماہ کے آغاز میں ٹوئٹر پر بیان جاری کیا تھا کہ "بھارت میں پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ریلیز کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور سب سے اشتعال انگیز بات یہ ہے کہ اس منصوبے کی قیادت بھارتی کمپنی کر رہی ہے۔"
انہوں نے کہا تھا کہ اس فلم کو بھارت میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔
امے کھوپکر نے مزید کہا تھا کہ فواد خان کے مداحوں کو اگر یہ فلم دیکھنی ہے تو وہ پاکستان جا کر ہی دیکھیں۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان، فواد خان، حمزہ علی عباسی اور حمائمہ ملک کی ایکشن سے بھرپور فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' 13 اکتوبر کو ریلیز کی گئی تھی۔
یہ فلم سن 1979 میں ریلیز ہونے والی پنجابی زبان کی کامیاب فلم 'مولا جٹ' کا ری میک ہے جس میں سلطان راہی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' میں کو پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم بھی قرار دیا جارہا ہے۔
فلم عمارہ حکمت کی 'انسائیکلو میڈیا' اور بلال لاشاری کی 'لاشاری فلمز' کے بینر تلے پروڈیوس کی گئی ہے۔