رسائی کے لنکس

پاکستانی ’مولا جٹ‘ پھر آگیا، بالی ووڈ میں بھی تعریفیں


’مولے نوں مولا نہ مارے تے مولا مردا نئیں ۔۔‘یہ ڈائیلاگ 70 کے عشرے میں بننے والی پاکستان کی کلاسک پنجابی فلم ’مولا جٹ‘ کا ہے ۔۔۔ اور آج 48 سال بعد اسے ایک مرتبہ پھر ٹوئیٹر پر ’جگمگانے‘ کا موقع ملا ہے۔

یہ موقع فراہم کرنے والی شخصیت فواد خان کی ہے جنہوں نے اس ڈائیلاگ میں پھر سے جان ڈالتے ہوئے ٹوئٹر پراپنی نئی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ٹریلر ریلیز کئے جانے کی اطلاع دی ہے۔

اس ڈائیلاگ کا کرشمہ کہئے یا مولا جٹ کی ’دہشت ‘یا پھر فواد خان اور ماہرہ خان کا اسکرین رومینس کہ ٹریلر ریلیز ہوتے ہی ٹوئٹر پر’ٹاپ ٹرینڈ‘ بن گیا۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا ٹریلردیکھیں تو یقین نہیں آتا کہ یہ کسی پاکستانی فلم کا ٹریلر ہے۔فلم کی سینما ٹوگرافی ،لائٹنگ اور دیگر ٹیکینکل چیزیں اتنی کمال کی ہیں کہ یقین ہی نہیں آتا کہ یہ کسی پاکستانی فلم کا ٹریلر ہے ۔

پرانی’ مولا جٹ‘ میں سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی ایک دوسرے کے جانی دشمن تھے تو’لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں دوچاکلیٹی ہیرو فواد خان اور حمزہ علی عباسی بالکل ہٹ کر رف اینڈ ٹف اندازمیں ایک دوسرے کے مدمقابل نظر آئے ہیں۔

بالی وڈ اسٹارز نے بھی ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ کے ٹریلر کی کھل کر تعریف کی ہے۔

میگا فلم میکر کرن جوہر نے ٹوئٹر پرنہ صرف فواد خان کو مبارکباد دی اور ان کے لکس کی تعریف کی بلکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے یقین ہے فلم بہت کامیاب ہوگی۔‘

سدھارتھ ملہوترا نے ٹوئٹ کیا ہے ’ کیا بات ہے میرے دوست ۔ خوبصورت ٹیزر اور کاسٹ ہے۔ میں ہمیشہ سے ماہرہ خان کا فین ہوں۔ فلم دیکھنے کے لئے بے تاب ہوں۔

انو راگ کشیپ نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’مولا جٹ‘ کی واپسی ۔۔ اس بار فواد خان کی واپسی ہے۔

بالی وڈ ٹریڈ تجزیہ کارترون آدرش نے کہا کہ ’ جون 2019 میں عید الفطر کے موقع پر فواد خان اور سلمان خان کا مقابلہ ہوگا۔‘

لیکن ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی جہاں اتنی تعریفیں ہو رہی ہیں وہیں بہت سے لوگ مختلف رائے بھی رکھتے ہیں۔

مولا جٹ کے ٹریلرپرتبصرہ کرتے ہوئے ایک خاتون شازیہ نے وائس آف امریکہ سے بات چیت میں کہا کہ’ اس میں شک نہیں کہ فلم ٹیکنیکل طور پربین الاقوامی معیار کی لگ رہی ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘کا ٹریلر دیکھ کر ایسا لگا جیسے گیم آف تھرونز، گلیڈی ایٹرز یا پھر پدماوت کے مناظر کی مکس پلیٹ ہے۔‘

ایک اور خاتون سمیرا کا کہنا تھا کہ مولا جٹ کا ٹریلر دیکھ کر لگا جیسے ہالی وڈ فلم میں اردو اداکار ہوں۔ پنجابی کی مولا جٹ کا تو اس میں دور دور تک کوئی شائبہ نہیں۔ مولا جٹ پاکستانی پس منظر میں کم اور رومن دور کی عکاس فلم زیادہ دکھائی دیتی ہے۔

بلال لاشاری کی بنائی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 19 جون کو عید کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ پہلی پاکستانی فلم ہے جو پاکستان اورچین میں بیک وقت ریلیز کی جائے گی ۔

فلم کی کاسٹ میں فوادخان،ماہرہ خان کے علاوہ حمز ہ علی عباسی، حمائمہ ملک، شفقت چیمہ،نئیر اعجاز اور دیگرشامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG