رسائی کے لنکس

یکم جنوری 2025 کو دنیا کی آبادی کتنی ہو جائے گی؟


  • جنوری 2025 میں دنیا میں ہر سیکنڈ تقریباً 4.2 پیدائش اور دو اموات ہوں گی۔
  • سال 2024 دنیا کی آبادی میں سات کروڑ 10 لاکھ افراد سے زائد کا اضافہ ہوا۔
  • 2024 میں امریکہ کی آبادی میں 26 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا۔
  • آبادی کے اعتبار سے بھارت دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے دوسرے نمبر پر چین جب کہ امریکہ تیسرے نمبر پر ہے۔

یکم جنوری 2025 کو نئے سال کے پہلے دن دنیا کی آبادی آٹھ ارب سے تجاوز کر جائے گی۔

امریکہ کے محکمۂ شماریات (سینسس بیورو) کے مطابق 2024 میں دنیا کی آبادی میں سات کرڑ 10 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا۔ گزرے سال میں دنیا کی آبادی اعشاریہ نو فی صد بڑھی۔

شماریات کے پیر کو جاری کیے گئے اندازے کے مطابق جنوری 2025 میں دنیا کی آبادی 8.09 ارب ہو جائے گی۔ جنوری 2025 میں دنیا میں ہر سیکنڈ تقریباً 4.2 پیدائش اور دو اموات ہوں گی۔

سال 2024 میں امریکہ کی آبادی میں 26 لاکھ افراد سے زائد کا اضافہ ہوا یکم جنوری کو امریکہ کی آبادی 34 کروڑ 10 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔

بیورو کے مطابق جنوری 2025 میں امریکہ میں ہر ساڑھے نو سیکنڈ میں ایک پیدائش اور ایک موت متوقع ہے۔ جب کہ غیر ملکی تارکینِ وطن کی آمد سے امریکہ میں ہر 23.2 سیکنڈ میں ایک فرد کا اضافہ ہو سکتا ہے۔

جاری کردہ اندازے کے مطابق پیدائش اور تارکیں وطن کی آمد کی شرح کو ملا کر اندازاً امریکہ کی آبادی میں ہر 21.2 سیکنڈ میں ایک فرد کا اضافہ ہو گا۔

امریکہ کی آبادی میں 2020 کے بعد سے اب تک 2.9 فی صد کی شرح سے 97 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے جب کہ 2010 سے 2019 تک امریکہ کی آبادی 7.4 فی صد بڑھی تھی جو 1930 کی دہائی کے بعد آبادی میں اضافے کی سب سے کم شرح تھی۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق آبادی کے اعتبار سے بھارت دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔ آبادی میں دوسرے نمبر پر چین، تیسرے پر امریکہ، چوتھے نمبر پر انڈونیشیا اور پانچویں نمبر پر پاکستان ہے۔ بھارت نے 2023 میں چین کو آبادی میں پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

اس خبر کی معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG