رسائی کے لنکس

تھیٹر فیسٹیول کے 2 ناقابل فراموش ڈرامے


کراچی میں جاری تھیٹر فیسٹیول میں جمعے اور ہفتے کے دن ’اجوکہ تھیٹر لاہور‘کا دن ہے۔ اس روز دو ناقابل فراموش ڈرامے ’میرا رنگ دے بسنتی چولا‘ اور ’لو پھر بسنت آئی‘ اسٹیج کئے جائیں گے۔ ان سے متعلق کچھ تفصیلات ذیل میں پڑھئے:

’ناپا انٹرنیشنل تھیڑ فیسٹیول‘ میں دنیا کے نامورتھیڑز گروپ اپنے اپنے شاہکار پیش کررہے ہیں۔

اِن میں بھارتی اداکار نصیرالدین شاہ جیسے بڑے نام بھی شامل ہیں، جبکہ پاکستانی تھیٹر کے حوالے سے اپنی منفرد پہچان رکھنے والا لاہور کا ’اجوکا تھیٹر‘ اور اس کی روح رواں مدیحہ گوہر بھی نمایاں ہیں۔

’اجوکا‘ سنجیدہ تھیڑ کے حوالے سے دنیا کے مختلف ملکوں میں اپنا اورپاکستان کا مثبت تاثر قائم کرنے میں ہمیشہ کامیاب رہا ہے۔

’اجوکا تھیڑ کا دن‘
فیسٹیول میں 14اور15مارچ کو ’اجوکا تھیڑ کا دن‘ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ ان دونوں تاریخوں پر’اجوکا‘ کے 2مشہور ترین ڈرامے اسٹیج کئے جائیں گے ۔ یہ وہ ڈرامے ہیں جو ہردور میں شائقین سے داد وصول کرتے آئے ہیں۔

’میرا رنگ دے بسنتی چولا‘
’میرا رنگ دے بسنتی چولا‘ کی ہدایات دی ہیں مدیحہ گوہر نے۔ اس کھیل میں پنچاب کے فرزندبھگت سنگھ کو خراج عقیدت پیش کئے جانے کے ساتھ ساتھ بہت سی تاریخی غلطیوں کی تصحیح بھی کی گئی ہے ۔اس کے ذریعے بھگت سنگھ کی زندگی کے مختلف پہلووٴں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

ڈرامے کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں موسیقی کے ذریعے آزادی کے متوالوں کو شاعرانہ انداز میں سراہا گیا ہے۔

’لو پھر بسنت آئی‘
شاہد ندیم کا تحریر کیا ہوا پلے ’لوپھربسنت آئی‘ بھی اجوکا تھیڑکی پیشکش ہے اور اس کی ڈائریکٹر بھی مدیحہ گوہر ہیں۔ پلے کی کہانی ایک خوبصورت شہر’زندہ دل‘ کی کہانی ہے جس کو بیرونی حملہ آوروں سے بچانے کے لئے تو دیواریں تعمیر کرلی جاتی ہیں۔ لیکن، اندر کے لوگ دشمنوں کے ساتھ مل کر شہرکو دشمنوں کے ہاتھ میں دے دیتے ہیں۔

ڈرامے کا مرکز ’استاد موجو‘ کا کردار ہے جس کا خاندان صدیوں سے پتنگیں بناتا چلا آیا ہے۔

ایک استاد ہے جسے بتایا جاتا ہے کہ اسے کیا پڑھانا ہے اورکیا نہیں۔ ایک نوجوان محبت کرنے والا جوڑا ہے جسے کالج میں ایک بینچ پر بیٹھنے کی اجازت نہیں اور ایک بچہ ہے جسے خواب میں ’رانی‘ پتنگ نظرآتی ہے۔

ایک روک تھام کمیٹی بھی ہے جس کا کام اس بات پر نظر رکھنا ہے کہ شہر میں بسنت نہ منائی جا سکے اور ڈرے سہمے جبر کی فضا میں سانس لیتے لوگوں کو کوئی سکھ اور خوشی کا لمحہ میسر نہ آسکے۔

ڈرامے کی کاسٹ میں شامل ہیں ارشددرانی، عثمان راج، سہیل طارق، قیصر خان، پون سنگھ اروڑا، عباس حسین، صفیہ بٹ، رضیہ ملک، حنا طارق اور بلال مغل۔
XS
SM
MD
LG