رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ، سری لنکا کے خلاف 10 وکٹس سے کامیاب


نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے لئے 137 رنز کا ہدف حاصل کرنا تھا جو اس نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 17 ویں اوورز میں حاصل کرلیا۔

ورلڈ کپ 2019 کے تحت نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا ایونٹ کا تیسرا میچ نیوزی لینڈ نے 10 وکٹوں سے جیت لیا ہے ۔ اسے نیوزی لینڈ کی بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔

نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے لئے 137 رنز کا ہدف حاصل کرنا تھا جو اس نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 17 ویں اوورز میں حاصل کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن کپل اور کولن منرو نے کیا ۔ دونوں نے ملکر کر 130 رنز کی لمبی پارٹنر شپ قائم کی اور اپنی ٹیم کے کسی بھی اور کھلاڑی کو کریز پر آنے کا بھی موقع نہیں دیا۔

مارٹن نے 73 رنز بنائے جبکہ کولن منرو کا اسکور 57 رنز رہا۔ 6 رنز ایکسٹرا بنے۔

سری لنکا نے اپنے پانچ بالرز کو وکٹ لینے کے لئے مخالف ٹیم کے پیچھے لگائے رکھا لیکن ان میں سے کوئی ایک بالر بھی کامیاب نہیں ہوسکا اور یوں یہ میچ ایک طرفہ ثابت ہوا۔

نیوزی لینڈ کے لئے آسان ہدف
ورلڈ کپ کرکٹ کے تحت نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان صوفیہ گارڈنز کارڈف میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکن ٹیم اپنی اننگز میں 29 اعشاریہ 2 اوورز میں صرف 136 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔

اس طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بھی ویسٹ انڈیز کی طرح جیتنے کے لئے آسان ہدف ملا۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔

سری لنکا کی اننگز کا آغاز لہیرو تھرمانے اور کرونا رتنے نے کیا لیکن لہیرو تھرمانے پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے دو بالیں کھیلیں اور ایک چوکے کی مدد سے چار رنز بنائے لیکن انھیں ہینری نے جلد ہی ایل بی ڈبلیو کردیا۔

نیوزی لینڈ کو دوسری وکٹ 46 رنز کے مجموعی اسکور پر ملی جب کشال پریرا 29 رنز بناکر ہینری کی بال پر ہی آؤٹ ہوگئے۔

اگلے آنے والے کھلاڑی مینڈس تھے لیکن وہ بغیر کوئی رن بنائے ہی ہینری کا ہی شکار ہوکر پویلین لوٹنے پر مجبور ہوگئے۔

ڈی سلوا بھی آج خاطر خواہ پرفارمنس نہیں دکھا سکے اور صرف چار رنز پر ہی ڈھیر ہوگئے۔ انہوں نے 13 بالوں پر صرف ایک اچھا شارٹ لگایا اور بال کو باؤنڈری سے باہر پھینکنے میں کامیاب رہے ۔

پانچویں کھلاڑی کے روپ میں انجیلو میتھیوز بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ انہیں کولن ڈی گرانڈہوم نے آؤٹ ہوئے۔

چھٹی وکٹ مینڈس کی گری۔ ان کی وکٹ فرگوسن نے لی۔ ساتواں وکٹ تھیسارا کا گرا، انہوں نے 27رنز بنائے جبکہ نویں کھلاڑی کی شکل میں ادانا کو بغیر کسی رن بنائے نیشام نے آؤٹ کیا۔

نویں وکٹ لکمل کی گری جنہوں نے سات رنز بنائے اور بولٹ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی ملنگا تھے جنہوں نے صرف ایک رنز اسکور کیا۔ انہیں فرگوسن نے بولڈ کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز ہینری اور فرگوسن نے تین تین ، ٹرینٹ بولٹ، گرینڈہوم، جمی نیشام اور سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلے بولنگ کرکے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، کین ویلم سن
اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ویلم سن نے کہا کہ وکٹ پر ہلکی گھاس ہے، پہلے بولنگ کرکے اس کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ سری لنکا کوآسان حریف نہیں سمجھتے مگر کم سے کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بولنگ ہی کرتے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بہتر کارکردگی کی بدولت ورلڈکپ میں خود کو منوانا چاہتے ہیں۔

سری لنکا 1996 میں ہونے والے ورلڈ کپ کا چیمپئن ہے ۔ اسے دوبار دوسری پوزیشن بھی مل چکی ہے جبکہ وہ ایک مرتبہ سیمی فائنل بھی کھیل چکا ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم
مارٹن گپٹل، کولن منرو،کین ولیم سن، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جمی نیشام،کولن ڈی گرانڈہوم، مچل سانٹنر، میٹ ہنری،لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ ۔

سری لنکن اسکواڈ
ڈیموتھ کرونارتنے، لہیرو تھرمانے،کشال پریرا، کشال مینڈس، انجیلو میتھیوز،دھنن جے ڈی سلوا،جیون مینڈس،تھسارا پریرا،ایسورو یودانا، سرنگا لکمل اور لیستھ ملنگا۔

XS
SM
MD
LG