امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شمالی جنگلات میں بدھ کو لگنے والی آگ شدت اختیار کر گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے اب تک کی جانے والی تمام کوششوں کے باوجود آگ بدستور پھیل رہی ہے۔ فائر فائٹنگ انچارج بلی سی نے جمعے کی شام پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ تیزی سے پھیلنے والی آگ ایک گھنٹے میں تقریبا چار سے پانچ ہزار ایکڑ علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔ جمعے کی شب تک آگ کے نتیجے میں دو لاکھ چار ہزار ایکڑ اراضی، 134 مکانات متاثر ہو چکے ہیں جب کہ فاریسٹ رینچ، کوہیسیٹ اور چیکو کے علاقوں سے چار ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ کیلی فورنیا کی کال فائر ایجنسی کے مطابق 1700 فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں جب کہ سینکڑوں اضافی رضا کاروں اور وسائل کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق بدھ کو آگ بٹی کاؤںٹی کے علاقے چیکو کے قریب لگی جس نے کچھ ہی دیر میں ایک بڑے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پولیس نے آگ لگانے کے الزام میں ایک 42 سال مشتبہ شخص کو حراست میں لیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے ایک جلتی ہوئی کار کھائی میں گرا دی تھی جو جنگلات میں آگ لگنے کا سبب بنی۔ بٹی کاؤنٹی کے پراسیکیوٹر مائیک ریمسی کے مطابق ملزم کی شںاخت رونی ڈین اسٹاؤٹ کے نام سے ہوئی ہے جسے آئندہ ہفتے عدالت میں پیشی تک بغیر ضمانت کے تحویل میں رکھا جائے گا۔ کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کی تصاویر دیکھیے اس پکچر گیلری میں۔