رسائی کے لنکس

چاقو کے وار سے تین اسرائیلی ہلاک


اسرائیل میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایک فلسطینی شخص نے مغربی کنارے کے علاقے میں واقع ایک گھر میں گھس کر تین اسرائیلیوں کو چاقو کے وار سے ہلاک اور ایک کو زخمی کر دیا۔

رملہ کے شمال میں واقع علاقے تسوف نیف میں ہونے ولے اس حملے کا نشانہ بننے والوں میں دو افراد کی موت موقع پر ہی ہو گئی جبکہ زخمی ہونے والا تیسرا شخص بعد ازاں اپنے زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے چل بسا۔

اسرائیلی فوج اور ذرائع ابلاغ میں سامنے آنے والے خبروں کے مطابق حملہ آور کو گولی مار دی گئی تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا اس کی موت واقع ہو گئی یا نہیں۔ حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

دوسری طرف فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے جمعہ کو اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں تین فلسطینی ہلاک ہو گئے۔

وزارت صحت کے مطابق ایک فلسطینی شخص راس العامود کے علاقے میں گولی لگنے سے ہلا ک ہوا لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ گولی کس نے چلائی تھی۔

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مشرقی یرو شلم کے علاقے اطور میں ایک دوسرا فلسطینی شخص گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا اور الزام عائد کیا گیا ہے کہ یہ شخص اسرائیلی اہلکاروں کی طرف سے چلائی جانے والی گولی سے ہلاک ہوا۔ تیسرا فلسطینی شخص مغربی کنارے کے علاقے أبو ديس میں گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔

اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان اس وقت جھڑپیں شروع ہوئیں جب اسرائیلی حکام نے نئے سکیورٹی اقدامات پر عمل درآمد شروع کیا۔

اسرائیلی پولیس نے 50 سال سے کم عمر کے افراد کو مذہبی طور پر مقدس سمجھے جانے والے یروشلم کی "متنازع جگہ" میں داخل ہونے سے روک دیا۔

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ قدیم شہر میں مظاہروں کی توقع کی جارہی تھی جہاں اسرائیلی پولیس نے دو پولیس اہلکاروں کے مارے جانے کے بعد حال ہی میں سکیورٹی کیمرے نصب کیے ہیں۔

اسرائیل کی پولیس کے ترجمان مکی روزن فلیڈ نے کہا کہ قدیم شہر کے اندر اور اس کے ارد گرد مزید اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG