رسائی کے لنکس

سعودی عرب میں میزائل حملے سے 'تین افراد ہلاک'


جازان میں تعینات سعودی فوجی۔ فائل فوٹو
جازان میں تعینات سعودی فوجی۔ فائل فوٹو

سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن سے حوثی تحریک کی طرف سے داغے کے میزائل کی وجہ سے ملک کے جنوبی حصے میں تین شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔

الخبریا ٹی وی نے ہفتہ کو دیر گئے بتایا کہ یہ ہلاکتیں صوبہ جازان میں ہوئیں۔ سعودی اتحادیوں کا کہنا تھا کہ وہ شہریوں کے سلامتی کے لیے کسی کی بھی طرف سے درپیش خطرے کا جواب دیں گے۔

ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے دارالحکومت ثنا سمیت یمن کے ایک بڑے حصے پر اپنا کنٹرول قائم کر رکھا ہے اور حالیہ مہینوں میں ان کی طرف سے سعودی عرب میں متعدد بار میزائل داغے جا چکے ہیں۔

امریکی حمایت یافتہ سعودی زیر قیادت فوجی اتحاد گزشتہ تین سالوں سے حوثیوں کے خلاف برسرپیکار ہے۔ یہ اتحاد یمن کے صدر عبد الربو منصور ہادی کی حکومت کا حامی ہے۔ ہادی سلامتی کے پیش نظر ریاض میں مقیم ہیں۔

گزشتہ ماہ حوثیوں نے ریاض کی طرف کئی میزائل داغے تھے اور ان کا موقف تھا کہ ان کا ہدف معاشی تنصیات تھیں۔

یمن میں خانہ جنگی اور بعد ازاں سعودی زیرقیادت اتحاد کی فوجی کارروائیوں کے باعث جزیرہ نما عرب کے اس پسماندہ ترین ملک میں انسانی بحران پیدا ہو چکا ہے اور یہاں خوراک سمیت بنیادی ضروریات زندگی کی شدید قلت ہے۔

XS
SM
MD
LG