رسائی کے لنکس

امریکی صدر کلاسک فلم کا تعارف پیش کریں گے


امریکہ کے صدر براک اوباما ماضی کی مشہور امریکی کلاسیکی فلم 'ٹو کِل اے موکنگ برڈ' کی رواں ہفتے ٹی وی پہ نمائش سے قبل خصوصی طور پر فلم کا تعارف پیش کریں گے۔

فلم کی 50 ویں سال گرہ کی مناسبت سے امریکی کیبل ٹیلی ویژن 'یو ایس اے نیٹ ورک' اس ہفتے یہ فلم نشر کر رہا ہے۔

ماضی کی یہ مشہور فلم اسی نام سے شائع ہونے والے ایک ناول پر بنی تھی جس نے فروخت کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ ناول کی گوشہ نشین مصنفہ ہارپر لی نے اپنے ایک بیان میں صدر اوباما کی جانب سے ٹی وی پر فلم کا تعارف پیش کرنے کے اعلان کو اپنے لیے ایک اعزاز قرار دیا ہے۔

فلم 1930ء کی دہائی کے معاشی بحران 'گریٹ ڈپریشن' کے زمانے سے متعلق ہے۔ فلم کی کہانی جنوبی امریکی ریاست الاباما کے ایک چھوٹے سے قصبے کے سفید فام وکیل اٹیکس فنچ کے گرد گھومتی ہے جو عدالت میں ایک ایسے سیاہ فام ملزم کا دفاع کرتا ہے جس پر ایک سفید فام عورت کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے جھوٹا الزام ہے۔

مذکورہ ناول پر مصنفہ کو 1961ء میں 'فکشن' کے 'پلٹزر پرائز' سے نوازا گیا تھا جب کہ فلم نے تین 'آسکر' ایوارڈ جیتے تھے جن میں وکیل کا کردار ادا کرنے والے ماضی کے معروف اداکار گریگوری پیک کے لیے بہترین اداکار کا 'آسکر' بھی شامل تھا۔

XS
SM
MD
LG