رسائی کے لنکس

عراق: امریکی حملوں میں دولتِ اسلامیہ کے تین رہنما ہلاک


فائل
فائل

امریکی حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ ان رہنماؤں کی ہلاکت کے نتیجے میں دولتِ اسلامیہ کی اپنے زیرِ قبضہ علاقوں پر گرفت اور جنگ کرنے کی صلاحیت کمزور پڑے گی۔

امریکی محکمۂ دفاع نے کہا ہے کہ عراق میں دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں پر کیے جانے والے امریکہ کے حالیہ فضائی حملوں میں شدت پسند تنظیم کے تین اہم رہنما مارے گئے ہیں۔

محکمۂ دفاع کے حکام کے مطابق تینوں رہنما نومبر کے وسط سے دسمبر کے آغاز میں کیے جانے والے فضائی حملوں میں ہلاک ہوئے ہیں جن کے مرنے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

امریکی حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ ان رہنماؤں کی ہلاکت کے نتیجے میں دولتِ اسلامیہ کی اپنے زیرِ قبضہ علاقوں پر گرفت اور جنگ کرنے کی صلاحیت کمزور پڑے گی۔

'پینٹاگون' کے مطابق شدت پسند تنظیم کے جن رہنماؤں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے ان میں عراق میں دولتِ اسلامیہ کے سربراہ ابو بکر البغدادی کا نائب برائے انتظامی امور حاجی متعازاور عراق میں تنظیم کا فوجی سربراہ عبدالباسط شامل ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ ایک فضائی حملے میں مارے جانے والے شدت پسند رہنما رضوان طالب الحمدونی کی ہلاکت کی بھی تصدیق ہوگئی ہے جو عراق کے شمالی شہر موصل میں دولتِ اسلامیہ کا امیر تھا۔

دولتِ اسلامیہ کے ان رہنماؤں کی ہلاکت کی خبریں نشر ہونے سے قبل شدت پسند تنظیم کے خلاف اتحادی فوجی کارروائیوں کے نگران نے عراق میں کیے جانے والے فضائی حملوں کا دفاع کرتے ہوئے انہیں کامیاب قرار دیا تھا۔

امریکی فوج کے لیفٹننٹ جنرل جیمز ٹوری نے جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اتحادی فوج کی فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں عراق میں دولتِ اسلامیہ کی پیش قدمی اور حملہ کرنے کی صلاحیت کا زور توڑنے میں خاطر خواہ کامیابی ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG