امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر 'نیٹو' کے رکن ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے دفاعی بجٹ میں اضافہ کریں ۔
جمعرات کو اپنے دورۂ پولینڈ کے دوران دارالحکومت وارسا میں پولش صدر کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 'نیٹو' اتحاد میں شامل ملکوں کو اتحاد سے متعلق خود پر عائد ہونے والی مالی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔
صدر ٹرمپ کے اس دورے سے قبل وہائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ امریکی صدر وارسا میں اپنے قیام کے دوران 'نیٹو' سے امریکہ کی وابستگی کا اعادہ کریں گے جسے وہ ماضی میں ایک "غیر ضروری اتحاد" قرار دیتے رہے ہیں۔
اپنی انتخابی مہم کے دوران صدر ٹرمپ 'نیٹو' کے ارکان کو اپنی جی ڈی پی کا دو فی صد دفاع پر خرچ کرنے کی شرط پورا نہ کرنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا کرتے تھے اور ان کا اصرار تھا کہ امریکہ یورپی اتحادیوں کے دفاع کا خرچ نہیں اٹھائے گا۔
تاہم صدر بننے کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ کے موقف میں لچک آئی ہے اور اب وہ 'نیٹو' کے ساتھ امریکہ کو وابستہ رکھنے کے حق میں ہیں۔
جمعرات کو اپنی پریس کانفرنس میں ڈونالڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ روس کی جانب سے عدم استحکام کی کوششوں سے نبٹنے کے لیے امریکہ پولینڈ کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پولینڈ کے صدر آندریج ڈوڈا نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ صدر ٹرمپ پولینڈ کی سلامتی کے متعلق سنجیدہ ہیں۔
اپنی گفتگو میں صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ان کی حکومت شمالی کوریا کے خلاف "سخت" اقدامات پر غور کرتی رہی ہے اور عالمی برادری کو متحد ہو کر شمالی کوریا پر یہ واضح کردینا چاہیے کہ اسے اپنے برے رویے کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔