امریکہ میں حریف صدارتی امیدواروں ہلری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اپنی انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس دوران دونوں کا ایک دوسرے کے خلاف تلخ جملوں اور بیانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ہلری کلنٹن کی جاری ہونے والی حالیہ ای میلز کے معاملے پر ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کو ایک بار پھر نئی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ ای میلز اس دور کی ہیں جب وہ امریکہ کی وزیر خارجہ تھیں اور اس دوران مختلف ان کی غیر سرکاری تنظیم "کلنٹن فاؤنڈیشن" کو ملنے والے عطیات کو ٹرمپ اپنی مہم کے دوران تنقید کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
ورجینیا میں کانکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کلنٹن کی جاری ہونے والی نئی ای میلز کو "کھیل کے لیے ادائیگی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ آپ دنیا کے اولین سفارتکار کا اثرورسوخ خرید سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ "یہ بہت بہت بہت برا ہے اور غیرقانونی بھی"۔
جس وقت ٹرمپ خطاب کر رہے تھے اسی وقت ہلری کلنٹن آئیوا میں اپنے حامیوں سے مخاطب تھیں اور اس دوران انھوں نے منگل کو ٹرمپ کی طرف اسلحہ کنٹرول سے متعلق دیے گئے ایک بیان پر انھیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کا یہ بیان "حد پار کرگیا ہے۔"
"میرے دوستو، الفاظ معنی رکھتے ہیں۔ اور اگر آپ صدارت کے لیے امیدوار ہوں یا آپ امریکہ کے صدر ہوں، تو الفاظ کے بہت ہی زبردست نتائج نکل سکتے ہیں۔"
کلنٹن نے ٹوئٹر پر ان ریپبلکنز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ہماری اقدار کی ترجمانی نہیں کرتے۔
امریکی صدر اور اہم صدارتی امیدواروں کی حفاظت کی ذمہ دار "سیکرٹ سروس" کا کہنا ہے کہ وہ ٹرمپ کے بیان سے متعلق آگاہ ہے۔ تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ اس نے اس ضمن میں کیا اقدام کیے ہیں۔
ٹرمپ نے منگل کو اپنی ایک تقریر میں کہا تھا کہ اسلحہ کی حمایت کرنے والے ان کی حریف ڈیموکریٹک ہلری کلنٹن کو صدر بننے سے روک سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کلنٹن صدر بن جاتی ہیں تو وہ سپریم کورٹ میں لبرل ججز مقرر کریں گی جو کہ امریکی آئین میں اسلحہ رکھنے کے حق کو ختم کر دیں گے۔
"ویسے اگر وہ اپنے جج منتخب کرتی ہیں، تو آپ کچھ نہیں کر سکتے، لوگوں آئین کی دوسری ترمیم ۔۔۔ شاید، مجھے نہیں معلوم۔"
اس بیان پر مخالفین نے یہ کہہ کر ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ درپردہ وہ کلنٹن کو "قتل کرنے" پر اکسا رہے ہیں۔
تاہم ٹرمپ نے تشدد پر کسی بھی طرح اکسانے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کا غلط مطلب نکالا گیا جب وہ کہہ رہے تھے کہ جو لوگ آئین کی دوسری ترمیم جو کہ لوگوں کو اسلحہ رکھنے کی اجازت دیتی ہے، کو بچانا چاہتے ہیں وہ کلنٹن کے خلاف انتخابات میں متحد ہوں۔