رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: نیویارک میں مزید ایک ہزار فوجی تعینات کر نے کا اعلان


صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں روزانہ کی پریس بریفنگ میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دے رہے ہیں۔ 4 اپریل 2020
صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں روزانہ کی پریس بریفنگ میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دے رہے ہیں۔ 4 اپریل 2020

صدرٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ نیویارک میں کرونا وائرس کے خلاف جاری کارروائیوں میں مدد کے لیے مزید ایک ہزار فوجی بھیج رہے ہیں۔ اس سے پہلے نیویارک میں تقریباً ہزار بستروں پر مشتمل ایک بحری فوجی اسپتال بھیجا جا چکا ہے جہاں کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔

نیویارک میں ہفتے کی شام تک کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار سے زیادہ تھی جن میں سے 63 ہزار سے زیادہ صرف نیویارک شہر میں ہیں جس کی وجہ سے اسپتالوں پر بہت بوجھ پڑ گیا ہے اور طبی عملہ بھی اس عالمگیر وبا سے متاثر ہو رہا ہے۔

امریکہ اس وقت دنیا بھر میں کرونا وائرس کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن چکا ہے جہاں ہفتے کی شام تک متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ سے بڑھ گئی تھی۔ اور آٹھ ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کرونا وائرس پر اپنی روزانہ کی معمول کی کانفرنس میں کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے بہت دکھ ہو رہا ہے کہ یہ مہلک وائرس آنے والے دنوں میں بہت سے امریکیوں کی جانیں لے لے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر لوگوں نے احتیاط نہ کی تو جانی نقصان اندازوں سے کہیں زیادہ بھی ہو سکتا ہے۔

اس سے قبل وہ خبردار کر چکے ہیں کہ مہلک وائرس ایک لاکھ سے دو لاکھ چالیس ہزار تک امریکیوں کو ہلاک کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کے لیے وینٹی لیٹرز سمیت تمام ضروری ساز و سامان اور آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG