امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنی کابینہ اور کاروبار سے متعلق جلد ہی صحافیوں کو بتائیں گے۔ وہ کاروبار کو اپنے بیٹوں کے سپرد کر رہے ہیں۔
پیر کو دیر گئے ٹوئٹر پر ٹرمپ کی طرف سے یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کہ کچھ دن بعد ہی انھوں نے ذرائع ابلاغ کو یہ بتانا تھا کہ وہ کیسے خود کو اپنے کاروبار سے علیحدہ رکھیں گے تاکہ بطور صدر اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے دوران "مفادات کا تصادم" نہ ہو۔ یہ پریس بریفنگ اب ملتوی کر دی گئی ہے۔
ان کے ایک قریبی ساتھی نے پیر کو بتایا کہ اب یہ تفصیلات جنوری میں کسی وقت جاری کی جائیں گی۔
ٹرمپ نے ٹوئٹر پر کہا کہ وہ 20 جنوری سے قبل اپنا کاروبار اپنے بیٹوں ڈون اور ایرک اور دیگر عہدیداران کے سپرد کر دیں گے اور انھوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان کے دور صدارت میں "کوئی نیا (کاروباری) معاہدہ نہیں کیا جائے گا۔"
نو منتخب صدر کی تقریب حلف برداری 20 جنوری کو ہو گی۔
لیکن تاحال یہ واضح نہیں کہ ٹرمپ کس حد تک خود کو ان کمپنیوں سے دور رکھیں گے اور "نئے معاہدے نہ کرنے" کے بیان کے زمرے میں کونسی کاروباری سرگرمیاں مراد ہیں۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ نو منتخب صدر کے لیے مفادات کے تصادم سے بچنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ وہ اپنی "گلوبل ہولڈنگز" فروخت کر دیں۔