امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹوئٹر’ پر واپسی میں کوئی دلچسپی نہیں، اس کے باوجود کہ ایک پلیٹ فارم پر صارفین نے سابق صدر کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو دوبارہ بحال کرنےکے حق میں ووٹ دیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق سابق صدر کا ایک تقریب کے دوران ٹوئٹر پر واپسی سے متعلق ویڈیو کے ذریعے پوچھے گئے سوال پر کہنا تھا کہ وہ ٹوئٹر پر واپسی کی کوئی معقول وجہ نہیں سمجھتے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ‘ٹروتھ سوشل’ نامی نئے پلیٹ فارم کا استعمال جاری رکھیں گے جو کہ 'ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ' اسٹارٹ اپ نے بنائی ہے، جس میں ان کے بقول ٹوئٹر کے مقابلے میں صارفین کے لیے زیادہ سہولتیں موجودہ ہیں اور وہ بہترین کارکردگی دکھا رہی ہے۔
تاہم ٹوئٹرکی طرف سے مؤقف کی درخواست پر جواب نہیں دیا گیا۔
ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک کے منعقدہ سروے میں 51 اعشاریہ 8 فی صد صارفین نے ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال کرنے کے حق میں ووٹ دیے، جب کہ مذکوہ سروے میں ایک کروڑ 50 لاکھ سے کچھ زائد ووٹرز نے حصہ لیا تھا۔
ایلون مسک کا ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ لوگ بول پڑے، ٹرمپ کو بحال کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر تشدد بھڑکانے کے الزام میں ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ معطل کر دیا تھا۔
ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ جس کے پچھلے سال 8 جنوری کو معطلی سے قبل آٹھ کروڑ 80 لاکھ فالورز تھے۔ اکاؤنٹ کی بحالی کے بعد ان کےفالورز پھر سے بڑھنا شروع ہو گئے ہیں اور ہفتے کی رات 10 بجے تک لگ بھگ ایک لاکھ مزید افراد نے ٹوئٹر پر ان کو فالو کیا تھا۔
کچھ ٹوئٹر صارفین کی طرف سے ابتدائی طور پر رپورٹ کیا گیا کہ وہ ہفتے کی شام تک بحال ہونے والے اکاؤنٹ کو فالو نہیں کر پا رہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ جنہوں نے منگل کو اگلے امریکی صدارتی انتخابات کے لیے مہم کا آغاز کیا تھا، نے مسک کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ہمیشہ سے انہیں پسند کرتے ہیں۔
تاہم ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر کو بوٹس اور فیک اکاؤنٹس کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا جو کہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔
دوسری طرف مسک کا رواں سال مئی میں کہنا تھا کہ وہ ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے وقت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
ارب پتی ایلون مسک نے صارفین اور مشتہرین کو یقین دلانے کی کوشش کی ہے کہ اس طرح کا فیصلہ وسیع پیمانے پر متنوع نقطہ نظر کے حامل لوگوں پر مشتمل مواد کی اعتدال پسند کونسل کے ذریعے کیا جائے گا جب کہ مسک کے بقول کونسل کی تشکیل سے قبل اکاؤنٹ کی بحالی نہیں ہو گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹوئٹر معطل شدہ اکاؤنٹس کو تب تک بحال نہیں کرے گا جب تک کہ اس کا عمل واضح نہ ہو۔