رسائی کے لنکس

ترکی: اخبار کے مدیر اعلیٰ اور دو کالم نویس زیر حراست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بائیں بازو اور سیکولر نظریات کا حامی یہ اخبار ترکی کے سب سے پرانے روزناموں میں سے ایک ہے۔

ترکی میں پولیس نے پیر کو روزنامہ "جمہوریت" کے مدیر اعلیٰ اور دو کالم نویسوں کو حراست میں لے لیا جب کہ سرکاری خبر رساں ایجنسی اناطولو کے مطابق پولیس کے پاس اخبار کے دس سینیئر کارکنان کو گرفتار کرنے کا وارنٹ ہے۔

اخبار نے اپنی ویب سائیٹ پر بتایا کہ مدیر اعلیٰ مرات سبنجو اور کالم نگاروں وورے اوز اور آئدن انگن کو ان کے گھروں پر چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔

پولیس اخبار کے کارٹونسٹ سمیت دیگر سینیئر کارکنان کے گھروں کی بھی تلاشی لے رہی ہے۔

بائیں بازو اور سیکولر نظریات کا حامی یہ اخبار ترکی کے سب سے پرانے اخبارات میں سے ایک ہے۔

یہ گرفتاریاں ایک ایسے وقت ہوئی ہیں جب حزب مخالف کی جماعتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں یہ الزامات عائد کر رہی ہیں کہ رجب طیب اردوان کی حکومت جولائی میں ناکام بغاوت کے تناظر میں عائد ہنگامی حالت کو نہ صرف بغاوت کے منصوبہ سازوں بلکہ اپنے مخالفین کو "کچلنے" کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

استنبول کے پراسیکوٹر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ گرفتار کیے گئے لوگوں پر امریکہ میں مقیم فتح اللہ گولن کی تحریک اور کالعدم کردش ورکرز پارٹی کی جانب سے "جرائم میں ملوث ہونے" کا شبہ ہے۔

ترک حکومت گولن کو ناکام بغاوت کا مبینہ منصوبہ ساز قرار دیتی ہے لیکن خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے اس مبلغ نے ان الزمات کو مسترد کیا ہے۔

دریں اثناء گزشتہ ہفتے کرد اکثریتی آبادی والے علاقے دیار باقر سے تحویل میں لیے گئے دو میئرز گلتان کسانک اور فرانت انلی کو اتوار کو باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ ان دونوں پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام ہے۔

XS
SM
MD
LG