ترکی کے صوبے وان میں بدھ کو آنے والے زلزلے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور جمعہ کو مزید پانچ افراد کی لاشیں ملبے تلے سے نکالی گئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔
آفات سے نمٹنے کے ادارے کے ایک سینیئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ زلزلے سے منہدم ہونے والے ایک ہوٹل کی پانچ منزلہ عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا کام جمعہ کی رات تک جاری رہے گا۔ لیکن اس خدشے کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے کہ شدید سردی کے باعث اب ملبے تلے کسی کے زندہ ہونے کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔
وان میں بدھ کو آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.7 تھی جس سے کم از کم 25 عمارتیں منہدم ہو گئی تھیں۔ اسی علاقے میں 23 اکتوبر کو 7.3 شدت کے زلزلے سے 600 کے لگ بھگ افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو گئے تھے۔