جنوبی امریکہ کے ملک وینزویلا کی ایک جیل میں قیدیوں کی جانب سے جیل توڑنے کی کوشش اور پولیس کی جوابی کارروائی میں 29 قیدی ہلاک ہوگئے ہیں۔
واقعہ وینزویلا کی ریاست پورٹوگیزا کے قصبے اکاریگو میں جمعے کو پیش آیا۔ حکام کے مطابق قیدیوں نے قصبے کے ایک پولیس اسٹیشن کا جیل توڑنے کی کوشش کی تھی جس پر پولیس کی اسپیشل فورس کے دستوں نے کارروائی کی۔
صوبائی پولیس کے افسر آسکرولیرو نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ قیدیوں نے جیل توڑنے کی کوشش کے دوران پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی اور کم از کم تین دستی بموں کے دھماکے بھی کیے جن سے 19 اہلکار زخمی ہوگئے۔
وینزویلا میں قیدیوں کے حقوق کے لیے سرگرم ایک غیر سرکاری تنظیم کے مطابق قیدیوں نے فرار کی کوشش کے سلسلے میں جمعرات کو آنے والے ملاقاتیوں کو یرغمال بنا لیا تھا جنہیں چھڑانے کے لیے اسپیشل فورسز کے دستے طلب کیے گئے تھے۔
غیر سرکاری تنظیم کے ڈائریکٹر کارلوس نییتو کے مطابق جمعے کو جب اسپیشل فورس کے دستوں نے جیل میں کارروائی شروع کی تو قیدیوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کی اور دستی بم پھینکے۔
نییتو نے صحافیوں کو بتایا کہ قیدی بظاہر خوراک اور دوسری جیلوں میں منتقلی کا مطالبہ کر رہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ انہیں موجودہ جیل میں اذیتیں دی جاتی ہیں۔
وینزویلا میں جیلوں میں ہونے والے پرتشدد واقعات اور فسادات کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے اور یہاں ماضی میں بھی تواتر سے اس نوعیت کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔