رسائی کے لنکس

چین: سمندری طوفان سے 44 افراد ہلاک، اربوں ڈالرز کا نقصان


چین کے شمالی صوبوں شانگ ڈونگ اور ژی جیانگ میں سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 44 ہو گئی ہے جب کہ لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں اور ہزاروں مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق چین کے صوبوں ژی جیانگ اور شانگ ڈونگ میں لیکیما نامی طوفان نے تباہی مچا دی ہے۔

طوفانی ہوائیں ہفتے کو ژی جیانگ صوبے سے شروع ہوئیں جہاں 187 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا۔

طوفان کا رخ شانگ ڈونگ صوبے کی طرف تھا جس سے یہ صوبہ بھی خاصا متاثر ہوا ہے۔

مقامی میڈیا اور صوبائی حکام کے مطابق دونوں صوبوں میں طوفان سے 44 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 16 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ژی جیانگ صوبے میں تین گھنٹوں میں 160 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی ریلے سے ایک قدرتی ڈیم ٹوٹ گیا جس سے بیشتر ہلاکتیں ہوئیں۔

شانگ ڈونگ ایمرجنسی مینجمنٹ کے مطابق طوفان سے متاثرہ ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ جب کہ ژی جیانگ، جیانگ سو اور شنگھائی سے تقریباً 10 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔

شانگ ڈونگ صوبے کے حکام نے بتایا ہے کہ صوبے میں تقریباً تین لاکھ 64 ہزار ایکڑ پر پھیلی فصلیں اور 36 ہزار سے زائد گھر تباہ ہو گئے ہیں جن سے تقریباً دو ارب 55 لاکھ ڈالرز سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق شانگ ڈونگ کے تمام سیاحتی مقامات کو بند کر کے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ صوبے بھر میں چلنے والی ٹرینیں اور بس سروسز بھی معطل کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ’لیکیما‘ رواں سال چین میں آنے والا نواں طوفان ہے جس کی وجہ سے سیکڑوں پروازیں بھی منسوخ ہوئی ہیں۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کی شدت میں اب کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG