برطانیہ کے شہزادہ ہیری اور سابق امریکی اداکارہ میگن مرکل ہفتہ کو باضابطہ طور پر رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئے۔
شادی کی تقریب لندن کے نواح میں واقع ونڈسر کاسل کے سینٹ جارج چیپل میں منعقد ہوئی جسے دنیا بھر میں ٹی وی اسکرینوں پر براہ راست نشر کیا گیا۔
سفید دیدہ زیب لباس میں زیب تن میگن اپنے ہوٹل سے رولز رائس کے ذریعے چیپل پہنچی جہاں ان کے سسر شہزادہ چارلس انھیں چیپل کے اندر کچھ دور تک لے کر گئے۔
شادی کی تقریب میں عموماً دلہن کو اس کے والد لے کر آتے ہیں لیکن میگن کے والد ناسازی طبع کے باعث شادی میں شریک نہیں ہوئے۔ انھیں گزشتہ ہفتے دل کے عارضے کے باعث ڈاکٹروں نے انھیں سفر سے منع کیا تھا۔
شہزادہ ہیری اپنے بھائی شہزداہ ولیم کے ہمراہ سیاہ عسکری یونیفارم میں ملبوس روایتی طریقے سے چیپل پہنچے۔
ہزاروں افراد شاہی جوڑے کی ایک جھلک دیکھنے اور ان کے لیے نیک تمنائیں پہنچانے کے لیے چیپل کے اطرف میں واقع سڑکوں اور پارکوں میں موجود ہیں۔
تقریب میں 92 سالہ ملکہ برطانیہ الزبیتھ اور ان کے شوہر شہزادہ فلپ کے علاوہ شوبز اور کھیل کی دنیا کی نامور شخصیات بھی موجود ہیں۔
شادی کی تقریبات میں تقریباً چھ سو ایسے مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے جو براہ راست دلہا اور دلہن سے تعلق رکھتے ہیں۔