اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت ’ایف اے او‘ نے زرعی پیداوار بڑھانے پر زور دیا ہے تاکہ اشیاء خرد و نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور عالمی سطح پر خوراک کی قلت پر قابو پایا جا سکے۔
تنظیم کے سربراہ جوس گرازیانو ڈسلوا نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو ویتنام میں ’ایف اے او‘ کی ایشیا-پیسیفک کانفرنس میں کیا۔ عالمی سطح پر غذائی قلت سے متاثرہ 60 فیصد افراد اس علاقے میں رہتے ہیں۔
ڈسلوا نے رواں سال جنوری میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالا تھا۔ اُنھوں نے کہا کہ زرعی پیداوار میں مسلسل اضافے سے عالمی سطح پر خوراک کی دستیابی کے نظام میں بہتری آئے گی۔
اُنھوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک اور شہری مراکز میں رہنے والے لوگ عالمی آبادی کے لیے خوراک کی دستیابی کو یقینی بنانے میں مدد کریں۔