رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ:اولمپک گیمز کے دوران روائتی عارضی صلح کی قراداد منظور،روس کی مذمت


اولمپکس 2024۔فائل فوٹو
اولمپکس 2024۔فائل فوٹو

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اگلے برس پیرس میں منعقد ہونے والے موسم گرما کے کھیلوں کے دوران روائتی اولمپک ٹروس یا اولمپک گیمز کے دوران عارضی صلح نافذ کرنے کے لئے کہا ہے۔ دور جدید میں یہ روایت قدیم یونانی اولمپک کھیلوں کے دوران قائم ہونے والی روایت سے متاثر ہوکر اختیار کی گئی ہے۔

تاہم روس نے ایک بار پھر اسکی مذمت کرتے ہوئےاسےکھیلوں میں سیاسی مداخلت قرار دیا۔

روایت کے مطابق منظور ہونے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ موسم گرما میں پیرس میں منعقد ہونے والے اولمپک گیمز کے آغاز سے سات دن پہلے سے لے کر،کھیلوں کے ختم ہونے کے سات روز بعد تک رکن ملک انفرادی اور اجتماعی طور پر اس عارضی صلح کی پابندی کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل

اولمپیک کے دوران عارضی صلح کی قراردادیں اقوام متحدہ میں ہر دو سال بعد گرمائی اور سرمائی اولمپک سے پہلے اتفاق رائے سے منظور کر لی جاتی ہیں۔ لیکن روس نے اس سال یہ کہتے ہوئے ووٹنگ کا مطالبہ کیا کہ قرارداد کے متن میں کھیلوں تک غیر سیاسی رسائی کے مساوی مواقع کے حوالے شامل ہونے چاہئیں

چنانچہ قرارداد پر ووٹنگ ہوئی۔ قرارداد کے حق میں ایک سو اٹھارہ ووٹ آئے جبکہ مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔ روس اور شام نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

قدیم یونانی روایت" ایکی چیریا"

اس روایت پر قدیم یونانی اولمپک گیمز کے دوران عمل کیا جاتا تھا اور ان گیمز کے دوران آپس کی تمام دشمنیوں اور مُنافرتوں کو بالائے طاق رکھ دیا جاتا تھا۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی کوششوں سے یہ روایت اقوام متحدہ کے توسط سے انیس سو ترانوے میں دوبارہ شروع ہوئی تھی۔

انٹرنیشنل اولمپیک کمیٹی کے صدر تھامس باخ
انٹرنیشنل اولمپیک کمیٹی کے صدر تھامس باخ

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے کہا کہ انہیں یاد نہیں ہے کہ ایسا بھی کوئی وقت تھا جب دنیا کو آج سے زیادہ تصادموں اورتقسیم کا سامنا تھا۔

انہوں نے زور دیا کہ آج کے اس نازک دور میں عارضی صلح کی یہ قرارداد ہمیشہ سے زیادہ اہم ہے۔ "یہ قرارداد دنیا کو یہ واضح پیغام دینے کا ہماراموقع ہے کہ ہاں ہم جنگ اور بحران کے ادوارمیں بھی اکھٹے ہو سکتے ہیں، اور ایک بہتر مستقبل کے لئے مل کر کام کر سکتے ہیں۔

اس خبر کے لئے مواد اے ایف پی سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG