رسائی کے لنکس

اقوامِ متحدہ کا نئے سال پر دنیا سے متحد ہونے کا مطالبہ


اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نئے سال 2018 کے پہلے دن میں کوئی اپیل نہیں کر رہا بلکہ ایک تنبیہ کر رہا ہوں۔

اقوامِ متحدہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سال 2018 کے آغاز پر دنیا کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’جب میں نے ایک سال پہلے اپنا عہدہ سنبھالا تھا تو میں نے 2017ء کو امن کا سال قرار دینے کی اپیل کی تھی۔‘‘

تاہم اُنھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بدقسمتی سے 2017ء میں دنیا میں وقوع پذیر ہونے والے واقعات اس کے برعکس رہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نئے سال 2018 کے پہلے دن میں کوئی اپیل نہیں کر رہا بلکہ ایک تنبیہ کر رہا ہوں۔

’’اور وہ یہ کہ، تنازعات شدید ہو گئے ہیں اور نئے خطرات سامنے آئے ہیں۔‘‘

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ جوہری ہتھیاروں کے بارے میں عالمی الجھنیں سرد جنگ کے بعد سے اس وقت انتہا کو پہنچ چکی ہیں۔

’’موسمیاتی تبدیلیاں اور ان کے مضمرات ہم سے زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ عدم مساوات میں اضافہ ہورہا ہے۔ ہم انسانی حقوق کی خوفناک خلاف ورزیاں دیکھ رہے ہیں۔ قوم پرستی اور غیرملکیوں سے نفرت میں اضافہ ہورہا ہے۔‘‘

انتونیو گوتریس نے کہا کہ میں 2018ء کے آغاز میں اتحاد کا مطالبہ کرتا ہوں۔

’’میں واقعی اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ ہم اپنی دنیا کو مزید محفوظ بنا سکتے ہیں۔ ہم تنازعات کو حل کرسکتے ہیں، نفرت پر قابو پاسکتے ہیں اور اپنی مشترکہ اقدار کا دفاع کرسکتے ہیں۔ لیکن ہم یہ سب صرف مل کر ہی کرسکتے ہیں۔‘‘

اُنھوں نے کہا کہ میں ہر جگہ کے رہنماؤں سے اس بات کو نئے سال کی قرارداد کے طور پر اپنانے کا مطالبہ کرتا ہوں۔

’’اختلافات کم کریں۔ آپس میں پڑی ہوئی تقسیم کو ختم کریں۔ مشترکہ مقاصد کے تحت لوگوں کو اکٹھا کر کے اعتماد کی فضا بحال کریں۔‘‘

سالِ نو کے اپنے پیغام میں اقوامِ متحدہ کے ایک سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اتحاد ہی واحد راستہ ہے۔ ’’ہمارے مستقبل کا انحصار اسی پر ہے، میں 2018ء میں آپ کے امن اور سلامتی کے لیے دعاگو ہوں۔‘‘

XS
SM
MD
LG