رسائی کے لنکس

ہنوئی سربراہ ملاقات کے موقع پر کوہن کی ’جعلی سماعت‘ کیوں، ٹرمپ


صدر ٹرمپ ہنوئی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں
صدر ٹرمپ ہنوئی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں

صدر ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے کانگریس میں شہادت دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کو نسل پرست، جعلی شخص اور دھوکہ باز قرار دیا ہے۔ اس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے آج جمعرات کے روز ایک بیان میں مائیکل کوہن کے بارے میں کہا کہ وہ غلط بات کر رہے ہیں اور اُنہوں نے بہت جھوٹ بولا ہے۔

صدر ٹرمپ نے جمعرات کے روز ویت نام کے ویت نام کے دارالحکومت ہنوئی میں شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن کے ساتھ سربراہ ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کیا۔

اس موقع پر صدر ٹرمپ نے مائیکل کوہن کی کانگریس کی ایک کمیٹی میں شہادت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اُن کے خیال میں اس طرح کی، بقول اُن کے ’’جعلی‘‘ سماعت کا ہونا اور وہ بھی اس اہم موقع پر، جب شمالی کوریا کے ساتھ سربراہ ملاقات ہو رہی ہے، بہت ہی غیرمناسب بات ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مائیکل کوہن کی گواہی کے لیے سماعت دو دن کے بعد یا اگلے ہفتے بھی رکھی جا سکتی تھی۔ یہ اقدام اس لیے بھی زیادہ بہتر ہوتا کہ انہیں اس کے لیے زیادہ وقت مل جاتا۔ لیکن اس اہم سربراہ ملاقات کے دوران اس سماعت کا انعقاد ناقابل یقین ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مائیکل کوہن نے کانگریس میں سماعت کے دوران بہت جھوٹ بولا۔ تاہم یہ بات بہت دلچسپ ہے کہ اُنہوں نے ایک بات کے بارے میں جھوٹ نہیں بولا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ روس کی مداخلت کے سلسلے میں کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔

صدر ٹرمپ نے بدھ کے روز ایک ٹویٹ میں کہا کہ کوہن اُن بہت سے وکلا میں سے ایک تھے جنہوں نے میرے لئے کام کیا اور یہ بدقسمتی کی بات تھی۔

اُنہوں نے کہا کہ وہ دیگر لوگوں کے لئے بھی کام کر رہے تھے۔ اُنہیں سپریم کورٹ نے جھوٹ بولنے اور فراڈ کرنے پر سزا سنائی۔ اُنہوں نے ایسے خراب کام کئے جن کا ٹرمپ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا اور وہ اب اپنی قید کی سزا کم کروانے کے لئے پھر جھوٹ بول رہے ہیں۔

مائیکل کوہن نے ایوان نمائندگان کی ایک کمیٹی کو بدھ کے روز بتایا کہ اُن کے پاس روس کی براہ راست مداخلت کا کوئی ثبوت تو نہیں ہے تاہم اُنہیں اس بارے میں شبہات ضرور رہے ہیں۔

کوہن کی شہادت چھ گھنٹے تک جاری رہی، جس میں اُنہوں نے لگ بھگ ایک دہائی تک صدر ٹرمپ کے ذاتی وکیل کی حیثیت سے گزرے واقعات کی تفصیلات بتائیں۔

ہاؤس کی نگرانی کمیٹی کے چیئرمین ڈیموکریٹک کانگریس مین علیجاہ کمنگز کا کہنا ہے کہ اُن کے خیال میں میں مائیکل کوہن نے سچ بولا۔

اُنہوں نے کہا کہ وہ خود بھی وکالت کرتے رہے ہیں اور وہ بہت سے ایسے وکلا کی نمائندگی کرتے رہے ہیں جو کسی مشکل میں گرفتار ہوئے تھے اور یوں وہ گواہوں کے بیانات کا بغور مشاہدہ کرتے رہے ہیں۔

کمنگز کا کہنا تھا کہ اُنہیں یوں لگا جیسے کوہن کے دماغ کی بتی بجھ گئی تھی اور اُنہوں نے یہ کہ دیا کہ وہ غلط سمت کی طرف بھٹک گئے تھے اور اب وہ اس بات کا ازالہ کرتے ہوئے تبدیلی چاہتے ہیں۔

کوہن کی یہ شہادت اُن کے جیل جانے سے محض دو ماہ قبل منعقد ہو رہی ہے۔ اُنہوں نے مالی بے ضابطگیوں، صدارتی مہم کے اخراجات کے سلسلے میں بے قاعدگیوں اور کانگریس سے جھوٹ بولنے کے حوالے سے اقبال جرم کر لیا تھا، جس کے بعد اُنہیں تین برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

اُنہوں نے صدر ٹرمپ کی طرف ماسکو میں ٹرمپ ٹاور کی تعمیر کے سلسلے میں ہونے والی بات چیت پر بھی کانگریس میں جھوٹ بولنے کا اعتراف کیا تھا۔

کوہن کی کانگریس میں سماعت آج جمعرات کے روز بھی جاری رہے گی۔

XS
SM
MD
LG