رسائی کے لنکس

رواں برس بالی وڈ کی مزید کون سی بڑی فلمیں ریلیز ہوں گی؟


  • بالی وڈ میں آئندہ آنے والے چند مہینوں میں اداکارہ عالیہ بھٹ، جان ابراہم، اکشے کمار، شاہد کپور اور کرینہ کپور کی فلمیں سنیما گھروں کی زینت بنیں گی۔
  • حال ہی میں اداکارہ دپیکا پڈوکون، پرابھاس اور امیتابھ بچن کی فلم 'کلکی 2898 اے ڈی' ریلیز ہوئی ہے۔
  • سال 2024 کے چھ ماہ گزر چکے ہیں اور اب تک کوئی فلم بہت اچھا بزنس کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔

ویب ڈیسک _ سال 2024 کے چھ ماہ گزر چکے ہیں لیکن اب تک بالی وڈ کی کوئی بھی فلم اچھا بزنس کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔

سال 2023 بالی وڈ کے لیے خاصا اچھا ثابت ہوا تھا جب شاہ رخ خان کی فلم 'پٹھان' اور 'جوان' سمیت رنبیر کپور کی فلم 'انیمل' اور سنی دیول کی 'غدر 2' نے شان دار بزنس کیا تھا۔

البتہ حال ہی میں اداکارہ دپیکا پڈوکون، پرابھاس اور امیتابھ بچن کی فلم 'کلکی 2898 اے ڈی' ریلیز ہوئی ہے۔ باکس آفس انڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ فلم اب تک 136 کروڑ روپے کا کاروبار کر چکی ہے۔

آئندہ آنے والے چند مہینوں میں اداکارہ عالیہ بھٹ، جان ابراہم، اکشے کمار، شاہد کپور اور کرینہ کپور کی فلمیں سنیما گھروں میں ریلیز ہوں گی۔

تو چلیں رواں برس آنے والی چند بڑی فلموں کے بارے میں جانتے ہیں۔

1۔ استری 2

اداکارہ شردھا کپور، راج کمار راؤ اور پنکج تریپاٹھی کی کامیڈی اور ہارر فلم 'استری 2' 15 اگست 2024 کو سنیما گھروں میں ریلیز کے لیے تیار ہے۔

امر کوشک کی ہدایت میں بننے والی یہ فلم سال 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم 'استری' کا سیکوئل ہے۔

فلم کی کہانی ایک ایسے گاؤں کے گرد گھومتی ہے جس میں ایک خاتون کی روح رات کے وقت کسی تہوار کے موقع پر مردوں پر حملہ کرتی ہے۔

2۔ ویدا

ایکشن، ڈرامہ اور تھرل سے بھرپور فلم 'ویدا' بھارت کے یومِ آزادی یعنی 15 اگست کو ریلیز کی جائے گی۔

فلم میں اداکار جان ابراہم اور تمنہ بھاٹیا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

نکھل اڈوانی کی ہدایات میں بننے والی فلم کی کہانی ایک ایسی عورت کے گرد گھومتی ہے جو ایک ظالمانہ معاشرے کے خلاف لڑتی ہے۔ اس لڑائی کے خلاف ایک آدمی ان کا ساتھ دیتا ہے جس کا کردار جان ابراہم نے ادا کیا ہے۔

3۔ دی بکنگھم مرڈرز

اداکارہ کرینہ کپور تھرل سے بھرپور فلم 'دی بکنگھم مرڈرز' میں جلد نظر آئیں گی۔ یہ فلم 13 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

اس فلم میں کرینہ کپور ایک جاسوس کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

'دی بکنگھم مرڈرز' کی کہانی ایک مرڈر کیس کے گرد گھومتی ہے جسے حل کرنے کی ذمے داری جسمیت بھمرہ (کرینہ کپور) کو سونپی جاتی ہے۔

4۔ جگرہ

رواں برس اداکارہ عالیہ بھٹ فلم 'جگرہ' میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔ یہ فلم دھرما اور عالیہ بھٹ کی اپنی پروڈکشن کمپنی اٹرنل سن شائن کے بینر تلے تیار کی جا رہی ہے۔

ایکشن سے بھرپور فلم 11 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔ فلم کی کہانی سے متعلق تا حال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

فلم میں عالیہ بھٹ کے ساتھ نوجوان اداکار ویدانگ رائنہ بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

5۔ دیوا

اداکار شاہد کپور رواں برس فلم 'دیوا' میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ ایکشن اور تھرل سے بھرپور یہ فلم 11 اکتوبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

فلم میں شاہد کپور کے ساتھ اداکارہ پوجا ہیگدے بھی اداکاری کر رہی ہیں۔

شاہد کپور فلم میں ایک پولیس اہلکار کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ایک ہائی پروفائل کیس کی تفتیش کرتا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG