امریکہ میں 60 فیصد شہریوں کے خیال میں افغان جنگ کے فوائد اس پر اُٹھنے والے اخراجات سے بہت کم ہیں۔
اے بی سی – واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے کرائے گئے رائے عامہ کے جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ صرف 35 فیصد امریکی سمجھتے ہیں کہ اس 10 سالہ فوجی مہم کی لاگت اور اس میں ہونے والے جانی تقصانات کا جواز موجود ہے۔
گزشتہ پانچ برسوں میں پہلی مرتبہ ری پبلیکن جماعت کے حامیوں نے اس معاملے پر متوازی رائے کا اظہار کیا ہے۔
جائزے کے مطابق 54 فیصد امریکی اس بات سے قطع نظر کہ افغان فوج نے یہ لڑائی جاری رکھنے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے یا نہیں، افغانستان سے امریکی افواج کا انخلاء چاہتے ہیں۔
لیکن جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ ہر 10 میں سے چھ ڈیموکریٹس اور غیر جانبدار افراد، جب کہ ہر 10 ری پبلیکنز میں سے چار اس بات سے متفق ہیں۔
مزید برآں صرف 30 فیصد امریکی شہریوں کے خیال میں افغانوں کی اکثریت اپنے ملک میں امریکہ کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
امریکہ اور نیٹو میں شامل اس کے اتحادی 2014ء کے اختتام تک افغانستان سے اپنی لڑاکا افواج کے انخلاء اور سلامتی سے متعلق ذمہ داریوں کی افغان فوج کو منتقلی کا ارادہ رکھتے ہیں۔