اقوام متحدہ نے ٹینس کی معروف کھلاڑی ماریہ شراپوا کی بطور سفیر خیر سگالی تعیناتی کو عارضی طر پر معطل کردیا ہے۔
اقوام متحدہ کے اداراہ برائے ترقی ' یو این ڈی پی' کی طرف سے یہ اعلان گزشتہ ہفتے شراپوا کے طرف سے یہ بات تسلم کرنے کے بعد سامنا آیا کہ وہ ممنوع ادویہ کے استعمال کے ٹیسٹ میں ناکام ہو گئی ہیں۔
یو این ڈی پی کی طرف سے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ وہ شراپوا کو خیر سگالی کے سفیر کے عہدے سے عارضی طور پر معطل کر رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اس وقت تک معطل رہیں گی جب تک ان کے معاملے کی تحقیقات کے نتائج سامنے نہیں آ جاتے ہیں۔
"یو این ڈی پی ماریا شراپوا کی ہمارے کام میں اور خاص طور پر چرنوبیل کے جوہری حادثے میں بحالی کے کام میں حمایت کے لیے ان کے ممنون ہے"۔
گزشتہ ہفتے روسی ٹینس کھلاڑی نے اعلان کیا تھا کہ اس سال کے شروع میں آسڑیلین اوپن کے مقابلے کے دوران ان کا 'میلڈونیم' نامی دوا استعمال کرنے کا ٹیسٹ مثبت آیا۔
شراپوا نے کہا کہ وہ اپنے صحت کے اپنے دیرینہ مسئلے سے نمٹنے کے لیے گزشتہ دس سے یہ دوا استعمال کر رہی تھیں۔
تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کب کب یہ دوا استعمال کرتی تھیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس دوا کا معمول کے استعمال کا دورانیہ چھ ہفتوں کے لیے ہوتا ہے اور یہ دوا سال میں دو سے تین بار استعال کی جاسکتی ہے۔
شراپوا کا کہنا ہے کہ وہ یہ نہیں جانتی تھیں کہ یہ دوا ممنوعہ ادویہ کی فہرست میں شامل تھی۔
جب سے انہوں نے اس دوا کے استعمال کو تسلیم کیا ہے کئی بڑے اسپانسرز نے روسی ٹینس اسٹار کے ساتھ اپنے معاہدوں کو ختم کر دیا ہے۔