رسائی کے لنکس

داعش میں شمولیت کا الزام، امریکی نوجوان گرفتار


شکاگو ایئرپورٹ
شکاگو ایئرپورٹ

امریکی ضلعی عدالت میں اُن کے خلاف پیر کے روز فوجداری جرائم کی نوعیت کے الزام عائد کیے گئے، جن میں سے ایک میں عراق اور شام میں سرگرم ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کو مادی حمایت فراہم کرنے کی کوشش کا الزام شامل ہے

حکام نے 19 برس کے ایک امریکی شہری کو گرفتار کیا ہے، جو مبینہ طور پر داعش کے شدت پسند گروہ میں شمولیت کی غرض سے بیرون ملک سفر پر روانہ ہونے کی کوشش کر رہے تھے، جسے دولت اسلامیہ بھی کہا جاتا ہے۔

امریکی محکمہٴانصاف کی طرف سے پیر کو جاری ہونے والے ایک اخباری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایف بی آئی نے ہفتے کے روز محمد حمزہ خان کو اوہائیر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے بغیر کسی واقعے کے اُس وقت حراست میں لیا، جب وہ بذریعہ ویانا شکاگو سے استنبول روانہ ہونے والے تھے۔

امریکی ضلعی عدالت میں اُن کے خلاف پیر کے روز فوجداری جرائم کی نوعیت کے الزام عائد کیے گئے، جن میں سے ایک میں عراق اور شام میں سرگرم ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کو مادی حمایت فراہم کرنے کی کوشش کا الزام شامل ہے۔

الے نوائے کی ریاست کا یہ باسی پیر کی صبح ایک امریکی ماجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوا اور جمعرات کو حراست سے متعلق سماعت تک وفاقی تحویل میں رہے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کو مادی حمایت فراہم کرنے کے الزام پر زیادہ سے زیادہ سزا 15 برس قید اور 250000 ڈالر جرمانہ ہے۔
سزا ہونے کی صورت میں، وفاقی ضابطوں اور ایسے جرائم پر امریکی سزاؤں کے قوائد کے تحت مناسب سزا دی جا سکتی ہے۔

امریکی محکمہٴانصاف نے بیان میں مزید کہا ہے کہ درج شکایت میں صرف الزامات درج کیے گئے ہیں، جن میں جرم کا کوئی ثبوت موجود نہیں۔ جب تک الزام ثابت نہ ہو ایک ملزم بے گناہ تصور ہوتا ہے، جن کے خلاف منصفانہ مقدمہ چلے گا اور یہ حکومت کا کام ہے کہ وہ اُن کے ملزم ہونے کا شک و شبہے کے بالاتر کوئی ثبوت پیش کرے۔

XS
SM
MD
LG