رسائی کے لنکس

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کےلیے کارگو راکٹ کی روانگی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

راکٹ کے ذریعے بھیجے جانے والے سامان کا وزن 7600 پونڈ سے زیادہ ہے جس میں خلابازوں کے لیے خوراک، خلائی اسٹیشن کی ضرورت کے آلات اور تجرباتی چیزیں شامل ہیں۔

منگل کے روز فلوریڈا سے ایک راکٹ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی جانب روانہ ہوا جو وہاں موجود خلا بازوں کے لیے خوراک اور دیگر سائنسی سامان پہنچائے گا۔

انیس منزلہ یہ راکٹ فلوریڈا کے کیپ کاناورل ایئر فورس اسٹیشن سے مقامی وقت کے مطابق صبح سوا گیارہ بجے کے قریب روانہ ہوا۔ اس منظر کو یوٹیوب کے ذریعے براہ راست دکھایا گیا۔

یونائیٹڈ لانچ الائنس کے منیجر ویرن تھارپ نے راکٹ کی روانگی کو انتہائی کامیاب قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس راکٹ کے ذریعے بھیجے جانے والے سامان کا وزن 7600 پونڈ سے زیادہ ہے جس میں خلابازوں کے لیے خوراک، خلائی اسٹیشن کی ضرورت کے آلات اور تجرباتی چیزیں شامل ہیں۔

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تقریباً 100 ارب ڈالر مالیت کی سائنسی تجربہ گاہ ہے جو زمین سے 250 میل کے فاصلے پر اپنے مدار میں چکر لگا رہی ہے۔

راکٹ میں دیگر سامان کے علاوہ جوتوں کے ڈبے کے سائز کے 38 سیٹلائٹ اور ٹیلی مورز سے متعلق ہائی اسکول کا ایک پراجیکٹ بھی شامل ہے جس میں یہ تجزیہ کیا جائے گا کہ خلا ئی ماحول اس پر کس طرح اثر انداز ہوتا ہے۔

یہ خلائی راکٹ اپنے مقررہ وقت سے ایک ماہ کی تاخیر کے بعد اپنے سفر پر روانہ ہوا جس کی وجہ راکٹ میں خرابیوں کی نشاندہی تھی ۔

خلائی راکٹ لاک ہیڈ مارٹن اور بوئنگ کمپنی کی شراکت کے ساتھ بھیجا گیا ہے۔

اس سے قبل ناسا خلائی سفر کے لیے خود راکٹ اور خلائی جہاز لانچ کرتا تھا لیکن اب وہ اس مقصد کے لیے دوسری کمپنیوں کی مدد لے رہا ہے ۔ ناسا نے اسپس ایکس نامی کمپنی سے بھی ایک معاہدہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ جاپان اور روس بھی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے سامان بردار راکٹ بھیج رہے ہیں۔

فلوریڈا سے بھیجا جانے والا کارگو راکٹ ایک ایسے وقت میں لانچ ہوا ہے جب قازقستان سے جمعرات کے روز ایک خلائی راکٹ دو خلابازوں کو لے کر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہونے والا ہے۔

XS
SM
MD
LG