مغرب میں جہاں اسلام مخالف مہم زوروں پر ہے وہیں رمضان المبارک کے آغاز پر امریکی ریاست مینیسوٹا کے گرجا گھروں کی طرف سے بین المذاہب رواداری کے فروغ کے لیے ایک عوامی مہم شروع کی گئی ہے۔
مینیسوٹا کے درجنوں گرجا گھروں کے باہر ایسے بورڈ آویزاں کئے گئے ہیں جن پر 'رمضان مبارک' کی عبارت درج ہے۔
اس ہفتے مینیسوٹا کونسل آف چرچز کی قیادت میں ایک رمضان مہم کا آغاز ہوا ہے جس کے تحت ماہ صیام کے دوران علاقے کے گرجا گھروں کے بیرونی احاطے میں رمضان مبارک تحریر کر کے بورڈ آویزاں کئے جا رہے ہیں۔
کیئر الیون کے مطابق اس مہم کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ مسلمانوں اور غیر مسلموں کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کو کم کیا جائے اور اپنے علاقے کے مسلمانوں کو رمضان کے مقدس مہینے کی مبارکباد پیش کی جائے۔
بورڈ پر مسلم کمیونٹی کے لیے یہ پیغام درج ہے کہ 'رمضان کی برکات ہمارے مسلمان پڑوسیوں کو مبارک ہوں۔‘
تفصیلات کے مطابق یتھیو ڈسٹ اور لوتھرن بشپ کے اجتماعات سمیت مینیسوٹا گرجا گھروں کی کونسل کے اراکین نے اپنے اپنے علاقوں کے گرجا گھروں کے باہر بورڈ لگانے کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔
اس مہم کے تحت ’رمضان مبارک‘ کی تحریر والے لگ بھگ 1,800 بورڈ ٹوئین سٹی اور ڈیلوتھ کے علاقے کے گرجا گھروں میں تقسیم کئے گئے ہیں۔
مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز رویے کی روک تھام کے لیے چلائی جانے والی مہم کے تحت گرجا گھروں کی طرف سے دیگر برادریوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ رمضان کے لیے احترام کا مظاہرہ کریں اور اپنے گھر کے بیرونی باغیچے میں یہ بورڈ آویزاں کریں۔
مینیسوٹا کونسل آف چرچز کے چیف ایگزیکیٹو ریو کینین پیگ چیمبرلین نے کہا کہ یہ مہم امریکہ میں آباد مسلمانوں کے ساتھ یک جہتی کا اظہار ہے جنھیں حال ہی میں ان کے عقیدے کی وجہ سے ہدف بنایا گیا ہے۔
امریکہ میں مسلمانوں کے حقوق کی علمبردار تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشن (کیئر) کی مینیسوٹا شاخ کے سربراہ نے رمضان مہم کا خیر مقدم کیا ہے۔
کیئر مینیسوٹا کے سربراہ جیلانی حسین نے کہا کہ عدم رواداری کی اس فضا میں یہ ایک طاقتور پیغام ہے۔