امریکہ کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے عراق کا غیر اعلانیہ دورہ کیا۔جنرل مارٹن ڈمپسی ہفتہ کو بغداد پہنچے، جہاں وہ امریکی کمانڈروں اور عراقی عہدیداروں سے دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ کو وسعت دینے کے اگلے مرحلے پر مشاورت کریں گے۔
امریکہ کی زیر قیادت اتحاد عراق میں دولت اسلامیہ کے اہداف کے خلاف تقریباً روزانہ ہی فضائی کارروائی کر رہا ہے۔
امریکی اعلیٰ ترین فوجی کمانڈر جنرل ڈمپسی ایسے وقت بغداد پہنچے جب ایک روز قبل ہی عراقی فورسز نے ملک کے شمال میں تیل کی سب سے بڑی ریفائنری والے شہر بیجی سے دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کو پیچھے دھکیلا تھا۔
دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں نے بیجی کے علاقے میں رواں سال کے وسط میں قبضہ کیا تھا۔
امریکہ کے صدر براک اوباما نے حال ہی میں عراق میں مزید 1500 امریکی فوجی بھیجنے کی منظوری دی تھی۔ یہ فیصلہ عراق میں دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے خلاف جنگ کا حصہ ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ امریکی فوجی لڑائی میں حصہ نہیں لیں گے، لیکن وہ دولت اسلامیہ کے خلاف لڑائی میں مصروف عراقی اور کرد فورسز کی تربیت کرنے کے علاوہ اُنھیں مشاورت دیں گے۔