رسائی کے لنکس

یمن: باغیوں کی 'حراست' میں امریکی کنڑیکٹر کی موت


شیعہ حوثی باغی (فائل فوٹو)
شیعہ حوثی باغی (فائل فوٹو)

امریکی عہدیداروں نے ان کی شناخت جان ہامن کے نام سے کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کمپنی کے لیے کام کرتے تھے جو یمن میں اقوام متحدہ کے زیر استعمال عمارت کی دیکھ بھا ل کی ذمہ دار تھی۔

امریکی وزارت خارجہ نے یمن میں حوثی باغیوں کی 'حراست' میں ایک امریکی کنڑیکٹر کی موت کی تصدیق کی ہے۔

امریکی عہدیداروں نے ان کی شناخت جان ہامن کے نام سے کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کمپنی کے لیے کام کرتے تھے جو یمن میں اقوام متحدہ کے زیر استعمال ایک عمارت کی دیکھ بھا ل کی ذمہ دار تھی۔

عہدیداروں نے اس بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی ہے کہ ہامن کی موت کس طرح واقع ہوئی تاہم انہوں نے ان کے عزیزوں اور دوستوں سے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ حوثی باغیوں نے ہامن اور اقوام متحدہ کے ایک دوسرے کنٹریکٹر کو اس وقت حراست میں لے لیا تھا جب وہ 20 اکتوبر کو صنعا پہنچے تھے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ انہیں کیوں پکڑا گیا تھا۔ امریکی عہدیداروں نے یر غمال بنائے جانے والے دوسرے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق ہامن امریکی فوج میں خدمات سر انجام دے چکے تھے اور وہ وسط مغربی ریاست اوہائیو کے قصبے سنسیناٹی کے کوکوٹا ہائی اسکول کے فارغ التحصیل تھے۔

ان کی اہلیہ جین ہامن نے اپنے فیس بک صفحے پر کہا کہ انہیں ان کی موت کے بارے میں ہفتے کو معلوم ہوا"۔ انہوں نے مزید کہا کہ ،" اس وقت ان کا خاندان شدید غم کی حالت میں ہے میرے سات بچوں نے ہمیشہ کے لیے اپنے بہت ہی اچھے باپ کو کھو دیا ہے"۔

بتایا جاتا ہے کہ ہامن کی میت کو جلد ہی وطن واپس لایا جائے گا۔

سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد نے یمن میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کو بحال کرنے کے لیے حوثی باغیوں کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔

اقوام متحدہ کی طرف سے جنگ کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششیں تاحال کامیاب نہیں ہوں سکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG