صدر براک اوباما نے قازقستان میں اپنے ہم منصب نورسلطان نظربایف سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے نیوکلیئر سیفٹی اور جمہوریت سمیت متعدد اہم باہمی اُمور پر بات چیت کی ہے۔
وائٹ ہاؤس سے ہفتہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے گذشتہ سال نیوکلیئر سیفٹی سربراہ اجلاس کے موقع پر طے کیے گئے اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
مسٹر اوباما نے افغانستان میں امن و استحکام کی مشترکہ کوششوں میں قازقستان کے کردار پر بھی صدر نظربایف کا شکریہ ادا کیا۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے قازقستان میں سیاسی ترقی کے ساتھ ساتھ معاشتی ترقی کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔
صدر نظربایف نے اپنی حالیہ تقریر میں کہا تھا کہ قازقستان میں آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات ملک کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہوں گے۔