امریکی سفیر کیمرون منٹرنے کہا ہے کہ پاکستان میں زندگی کی طرح یہاں کے کھانے بھی ”میٹھے اور مصالحے دار“ ہیں۔
اُنھوں نے ان تاثرات کا اظہار اتوار کو لاہور چھاؤنی کے علاقے میں واقع ایک ریستوران میں روایتی ناشتے کے بعد کیا۔
کیمرون منٹر اور اُن کی اہلیہ ڈاکٹر میریلن وائٹ کے علاوہ لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل کارمیلا کونرائے نے بھی امریکی سفیرکے ہمراہ حلوہ پوری، کچوری، روغنی نان اور لسی کا لطف اٹھایا۔
امریکی سفیرنے پاکستانی کھانوں کو دنیا کے بہترین پکوان قرار دیتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا وہ چٹے پٹے کھانے زیادہ پسند کرتے ہیں۔ ”میرے خیال میں تمام چیزیں بہترین ہیں - میٹھی اور مصالحے دار، بلکل پاکستان میں زندگی کی طرح۔“
اس موقع پر میڈیا کے وکی لیکس انکشافات کے بارے میں سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیمرون منٹر نے کہا کہ ان انکشافات سے پاک امریکہ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے کیونکہ دونوں ملکوں کے لیڈروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔
واضح رہے کہ وکی لیکس کے ذریعے ہونے والے انکشافات کے ضمن میں امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن پاکستانی صدر آصف علی زرداری کو فون کرکے اس اُمید کا اظہار کر چکی ہیں کہ پاکستان اورامریکہ کے تعلقات پر ان انکشافات کا کوئی اثر نہیں ہو گا۔