رسائی کے لنکس

’امریکہ کے بارے میں بدگمانیاں بے بنیاد ہیں‘


’امریکہ کے بارے میں بدگمانیاں بے بنیاد ہیں‘
’امریکہ کے بارے میں بدگمانیاں بے بنیاد ہیں‘

امریکی نائب صدر نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان اور خود امریکہ میں آنے والی نسلیں جب اس علاقے کے بارے میں اخبارات میں پڑھیں تو انھیں دہشت گردی، انتہاپسندی اور غربت کی خبروں کے بجائے پاکستان میں اقتصادی خوش حالی اور ایک روشن خیال معاشرے کے بارے میں پڑھنے کو ملے جہاں تمام مذاہب کو ماننے والے آزادی سے زندگی گزار سکیں۔

امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر کے سفاقانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو معاشرے انتہاپسند اقدامات پر برداشت کا مظاہرہ کرتے ہیں انھیں تباہی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

بدھ کو اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے بعد ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی نائب صدر نے سلمان تاثیر کو ایک ”مہذب اور بہادر“ انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُنھیں محض برداشت اور عقل و فہم کے لیے آواز بلند کرنے کی وجہ سے قتل کیا گیا۔

جو بائیڈن نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات مشترکہ مفادات اور باہمی احترام کی بنیاد پر قائم ہیں اور دونوں ملکوں نے ان تعلقات کو دیرپا اور مضبوط بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔

امریکی نائب صدر نے کہا کہ پاکستان میں امریکہ کے بارے میں پائے جانے والے شکوک و شبہات اور بدگمانیاں بے بنیاد ہیں کیوں کہ نا تو ایک غیر مستحکم پاکستان امریکہ کے مفاد میں ہے اور نا ہی القاعدہ کے خلاف لڑی جانے والی جنگ اسلام کے خلاف ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان اور خود امریکہ میں آنے والی نسلیں جب اس علاقے کے بارے میں اخبارات میں پڑھیں تو انھیں دہشت گردی، انتہاپسندی اور غربت کی خبروں کے بجائے پاکستان میں اقتصادی خوش حالی اور ایک روشن خیال معاشرے کے بارے میں پڑھنے کو ملے جہاں تمام مذاہب کو ماننے والے آزادی سے زندگی گزار سکیں۔

بائیڈن کا کہنا تھا کہ بعض حلقوں کے خیال میں القاعدہ کے خلاف کارروائی کی صورت میں امریکہ نے پاکستان پر جنگ مسلط کر دی ہے لیکن یہ یاد رکھنا چاہیئے کہ شدت پسند صرف امریکہ نہیں بلکہ خود پاکستان سمیت تمام دنیا کے لیے بھی خطرہ ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ القاعدہ اب بھی امریکہ اور اس کے مفادات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور اس سے منسلک انتہاپسندوں نے افغان سرحد سے ملحقہ پاکستان کے دوردراز قبائلی علاقوں میں اپنے ٹھکانے قائم کر لیے ہیں لیکن ان کی پرتشدد کارروائیوں کا ہدف صرف بیرونی دنیا نہیں بلکہ خود پاکستان کے عوام اور اس کی سکیورٹی فورسز بھی بن رہی ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ یہ تاثر بھی سراسر غلط ہے کہ امریکہ اسلام کے خلاف ہے کیوں کہ امریکہ اس مذہب کو اپنے معاشرے کا حصہ سمجھتا ہے جس کی ایک مثال لاس اینجلس کی مسجد ہے جس کا شمار دنیا کی چند بڑی مسجدوں میں ہوتا ہے۔

صدر آصف علی زرداری سے امریکی نائب صدر کی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر زرداری نے ڈرون حملوں کا ذکر کرتے ہوئے امریکی رہنما سے کہا کہ اس سے عسکریت پسندی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ کے بارے میں قومی اتفاق رائے متاثر ہوتا ہے۔ صدرنے ایک بار پھر ڈرون ٹیکنالوجی پاکستان کو منتقل کرنے کا مطالبے کو دہرایا تاکہ پاکستانی سکیورٹی فورسز اسے عسکریت پسندوں کے خلاف استعمال کرسکیں۔

XS
SM
MD
LG