رسائی کے لنکس

مرسی کو رہا کیا جائے: امریکہ


برطرف صدر مرسی کے حامیوں کا مظاہرہ
برطرف صدر مرسی کے حامیوں کا مظاہرہ

مصر کے فوجی اقدام کے بعد گو کہ اوباما انتظامیہ برطرف کیے گئے صدر کی غیر قانونی حراست پر اپنے تحفظات کا اظہار تو کرتی آئی ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ اس نے مرسی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکہ نے مصر کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ برطرف کیے گئے صدر محمد مرسی کو رہا کیا جائے۔

محمد مرسی کو رواں ماہ کے اوائل میں فوج نے برطرف کرکے نظر بند کر دیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی کا کہنا ہے کہ مصر میں عبوری انتظامیہ میں تمام سیاسی قوتوں کی شمولیت کے لیے محمد مرسی کو رہا کیا جانا چاہیئے۔

’’ایک مستحکم جمہوریت جس میں معاشرے کے تمام طبقات، مصر کے عوام کی مکمل نمائندگی ہو، تمام فریقوں کی نمائندگی ہو۔ اور ہم سمجھتے ہیں کہ اس میں بلا شبہ اخوان المسلمین اور دیگر زیر حراست نمائندے بھی شریک ہوں۔‘‘

اخوان المسلمین کے نمائندے مصری فوج کی طرف سے مقرر کردہ عبوری انتظامیہ کو مسترد کرتے آرہے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ محمد مرسی کو بحال کیا جائے۔

ساکی کا کہنا تھا کہ امریکہ بدستور مصر میں ہونے والے واقعات کا جائزہ لے رہا ہے کہ آیا صدر مرسی کی برطرفی بغاوت تھی یا نہیں۔ یہ ایک اہم قانونی معاملہ ہے جو امریکہ کی مصر کے لیے ایک ارب ڈالر سے زائد کی امداد پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

مصر کے فوجی اقدام کے بعد گو کہ اوباما انتظامیہ برطرف کیے گئے صدر کی غیر قانونی حراست پر اپنے تحفظات کا اظہار تو کرتی آئی ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ اس نے مرسی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکہ محمکہ خارجہ کی ترجمان نے برملا یہ تو کہنے سے گریز کیا کہ امریکہ اب مرسی کو مصر کا جائز حکمران نہیں سمجھتا لیکن ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکام عبوری صدر عدلی منصور سے ملاقات کر رہے ہیں۔

ترجمان ساکی سے جب پوچھا گیا کہ کیا مرسی کے دوبارہ انتخابات میں حصہ لینے پر امریکہ معترض ہوگا، تو ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کرنا مصر کے عوام کا کام ہے۔
XS
SM
MD
LG