رسائی کے لنکس

مصر: حکومت اور مخالفین سیاسی بحران ختم کرنے میں ناکام


امریکہ اور یورپی یونین نے اِس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ مصر کی فوجی حمایت سےتشکیل پانے والی حکومت اور اسلام پرست حزب مخالف ملک کےسیاسی بحران کو ختم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

بدھ کے روز ایک مشترکہ بیان میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور یورپی یونین کی امورِ خارجہ کی سربراہ، کیتھرین ایشٹن نے کہا ہے کہ یہ لازم ہے کہ دونوں فریق اِس ’خطرناک تعطل‘ کو ختم کریں اور اعتماد سازی کے مؤثر اقدامات پر عمل پیرا ہوں۔

سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ مفاہمتی عمل جاری کرنے کےسلسلے میں مصر کی حکومت پر ایک خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ سیاسی تفرقہ بازی کی وجہ سے ایک نازک صورت ِ حال پیدا ہوگئی ہے، جِس کے نتیجے میں مزید خون خرابہ ہوگا اور مصر کے معاشی بحالی کے عمل کو دھچکا لگے گا۔

اس سے قبل بدھ ہی کے روز مصر کے عبوری صدر عدلی منصور نے کہا کہ سیاسی تفرقے کو ختم کرنے کے لیے امریکہ، یورپی یونین، قطر اور متحدہ عرب امارات کے ایلچیوں کی طرف سے کی جانے والی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔ اُنھوں نے اِس ناکامی کا ذمہ دار سبک دوش ہونے والےصدر محمد مرسی کی اخوان المسلمین کو قرار دیا۔

امریکی معاون وزیر خارجہ، ولیم برنز اور یورپی یونین کے نمائندہ ِخصوصی، برنارڈینو لیون حالیہ دِٕنوں کے دوران مصر میں تھے جہاں اُنھوں نےمفاہمتی عمل شروع کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن پر زور دیا۔
XS
SM
MD
LG