رسائی کے لنکس

ایف بی آئی تحقیقات سے متعلق تمام معلومات جاری کرے: ہلری


ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی اُمیدوار ہلری کلنٹن نے امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ’ایف بی آئی‘ سے کہا ہے کہ وہ اُن کی ’ای میلز‘ سے متعلق تحقیقات کے بارے تمام معلومات شائع کرے۔

’ایف بی آئی‘ کی طرف سے ہلری کلنٹن کی ای میلز کی دوبارہ تحقیقات کرنے کے اعلان کے کچھ ہی گھنٹوں کے بعد جمعہ کو ہلری کلنٹن نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ اس بارے میں معلومات جاری کر دی جائیں۔

’’ہم یہ کہہ رہے کہ ایف بی آئی وہ تمام معلومات جاری کرے، جو اُس کے پاس ہیں۔۔۔ اس کے باوجود (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر جیمز کومی یہ کہہ چکے ہیں کہ ہو سکتا ہے کہ نئی معلومات اہم نا ہوں۔۔۔‘‘

Campaign 2016 Clinton
Campaign 2016 Clinton

ہلری نے کہا کہ وہ پر اعتماد ہیں کہ مزید تحقیقات کے نتائج، جولائی میں ایف بی آئی کی طرف سے کی گئی تفتیش سے زیادہ مختلف نہیں ہوں گے۔

’ایف بی آئی‘ کے ڈائریکٹر جیمز کومی نے جمعہ کو کہا تھا کہ ہلری کلنٹن کی طرف سے ای میلز کے لیے اپنا نجی اکاؤنٹ یا سرور استعمال کرنے پر پھر سے چھان بین کی جائے گی۔

امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر پال رائن نے اس فیصلے کو درست اقدام قرار دیا۔

پال رائن نے کہا کہ یہ تحقیقات اس لیے ہو رہی ہیں کہ ’’اُنھوں (ہلری کلنٹن) نے نجی اِی میل سرور کا بے احتیاطی سے استعمال کیا اور وفاقی تفتیش کاروں کو بتانے سے انکار کیا‘‘۔

ہلری کلنٹن کے مد مقابل ری پبلیکن جماعت کے اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ای میلز‘ کی دوبارہ جانچ سے متعلق ’ایف بی آئی‘ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔

نیوہماشائر میں اپنے حامیوں سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ ایف بی آئی اپنی غلطی کا ازالہ کرے۔

اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے یہ کہا گیا تھا کہ سابق وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کے غیر محفوظ نجی ای میل اکاؤنٹ سے بھیجی گئی متعدد ’ای میلز‘ میں انتہائی خفیہ معلومات موجود تھیں اور ان ای میلز کو عوامی طور پر شائع نہیں کیا جائے گا۔

ہلری کلنٹن نے ابتدائی طور پر کہا تھا کہ نجی سرور کا استعمال ان کے لیے سہل تھا مگر بعد میں انہوں نے اسے ایک غلطی قرار دیا تھا۔

ڈیموکریٹک اُمیدوار کی ’ای میلز‘ سے متعلق دوبارہ جانچ کے بارے میں بیان ایسے وقت سامنے آیا جب صدارتی انتخابات کے انعقاد میں بہت کم وقت رہ گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG