امریکہ کی داخلی سلامتی کی وزیر جینٹ نپولیٹانو جمعہ کے روز افغانستان پہنچی ہیں جہاں وہ افغان حکام کے ساتھ ملک میں جاری شدت پسندی اور اس کے سدِ باب کیلیے کی جانے والی امریکی کاروائیوں پر تبادلہ خیال کرینگی۔
ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی کی جانب سے جمعہ کے روز جاری کردہ ایک بیان کے مطابق سیکریٹری نپولیٹانو کے ہمراہ کسٹمز اور سرحدی سیکیورٹی کے حکام بھی افغانستان پہنچے ہیں جو اپنے افغان ہم منصبوں کو پیشہ وارانہ امور میں معاونت اور تربیت فراہم کرنے سے متعلق امور انجام دینگے۔
بیان کے مطابق سیکریٹری نپولیٹانو اپنے دورے کے دوران افغان حکام اور افغانستان میں تعینات امریکی افواج کے ذمہ داران سے علاقائی صورتِ حال اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرینگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری اپنے دورے کے دوران افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں سے بھی ملیں گی اور نیو ایئر ہالی ڈے ان کے ساتھ ہی منائیں گی۔
دورہ افغانستان کے بعد سیکریٹری نپولیٹانو قطر، اسرائیل اور بیلجئم بھی جائینگی جہاں وہ مقامی حکام سے بین الاقوامی پروازوں کی سیکیورٹی بہتر بنانے کیلیے کی جانے والی عالمی کوششوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر پر مذاکرات کرینگی۔