رسائی کے لنکس

امریکہ سے غیر قانونی مخصوص نوجوانوں کی بے دخلی میں نرمی


امریکہ کی داخلی سلامتی کی وزیر جینٹ پیپولیتانو نے کہا ہے کہ امریکہ اہلیت کے معیار پر اترنے والے بعض ایسے نوجوانوں کو ملک سے بے دخل نہیں کرے گا جنہیں بچپن میں غیر قانونی طریقے سے ملک میں لایا گیا تھا۔

نیپولیتانو نے جمعے کو یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسے نوجوان تارکین وطن کی، جو ملک کی سیکیورٹی اور عوامی تحفظ کے لیے خطرہ نہیں ہیں اور جو کئی دوسرے معیاروں پر پورے اترتے ہیں، امریکہ سے بے دخلی میں نرمی پر غور کیا جاسکتا ہے اور وہ امریکہ میں کام کرنے کے اجازت نامے کی درخوست دینے کے اہل بن جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بے دخلی سے متعلق قوانین ملک کو فائدہ پہنچانے والے نوجوان افراد کو امریکہ سے نکال کر ان ممالک میں بھیجنے کے لیے نہیں بنائے گئے جہاں ہوسکتا وہ نہ رہے ہوں یا وہاں کی زبان بھی نہ بول سکتے ہوں۔

ملک سے بے دخلی سے بچنے کے لیے اہل ہونے کے لیے ضروری ہے کہ غیر قانونی تارک وطن کی عمر امریکہ میں داخلے کے وقت 16 سال سے کم ہو اور وہ یہاں کم ازکم لگاتار پانچ سال تک رہ چکاہو۔ اس نے کوئی جرم نہ کیا اور اس وقت عمر 30سال سے زیادہ نہ ہو اور اس وقت وہ کسی تعلیمی ادارے میں پڑھ رہاہو یا ہائی اسکول گریجوایٹ ہو یا اس کے مساوی ڈگری رکھتا ہو یا امریکی فوج میں خدمات سرانجام دے چکا ہو۔

اس معیار پر پورے اترنے والے افراد کی ملک بدری دوسال تک التوا میں ڈالی جاسکتی ہے جو تجدید سے منسلک ہوگی۔

محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کا کہناہے کہ مستقبل میں ملک بدری سے متعلق اس کی ترجیح ایسے افراد ہوں گے جنہیں جرائم پر سزاملی ہو، پرتشدد جرائم میں ملوث ہوں اور انہوں نے کئی چھوٹے موٹے جرائم اور امیگریشن قوانین کی خلاف ورزیاں کی ہوں۔

XS
SM
MD
LG