رسائی کے لنکس

امریکہ نے ‘جنداللہ’ کودہشت گرد تنظیم قرار دے دیا


جنداللہ
جنداللہ

امریکہ نے ایران میں ایک سنی گروپ کو حالیہ برسوں کے دوران اسلامی جمہوریہ پرمتعدد مہلک حملوں کا الزام لگاتے ہوئے، ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔

بدھ کے روز کے اعلانات میں امریکی محکمہٴ خارجہ اور محکمہٴ خزانہ نے بتایا کہ جند اللہ ایسے دہشت گرد حربے استعمال کرتی رہی ہے اور اُس نے 2003ء سے ایران میں حملوں کا ایک سلسلہ جاری کر رکھا ہے، جِس میں خودکش بم حملے اور ہدف بنا کر قتل کرنے کے واقعات شامل ہیں۔

امریکہ نے کہا ہے کہ مئی 2009ء میں ملک کے جنوب مشرقی شہر زاہدان کی شیعہ مسجدوں میں ہونے والے بم حملوں میں، اور اِس سال جولائی کے واقعے میں یہ گروپ ملوث تھا جِس میں 70سے زائد لوگ ہلاک ہوئے اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔ اکتوبر 2009ء کے ایک حملے میں بھی جنداللہ کا نام لیا جاتا ہے جِس میں کم از کم 40افراد ہلاک ہوئے جِس میں ایران کے ممتاز پاسدارانِ انقلاب کے پانچ سینئرکمانڈر شامل تھے۔

جنداللہ (اللہ کے سپاہی) کا کہنا ہے کہ وہ سنی بلوچ مسلمانوں کے حقوق کے حصول کے لیے لڑ رہے ہیں، جو شیعہ اکثریتی ایران کی ایک اقلیت ہے۔ یہ گروپ بنیادی طور پر ایران کے جنوب مشرقی سیستان بلوچستان صوبے میں کارروائیاں کرتا ہے جس کی سرحدیں پاکستان اور افغانستان سے ملتی ہیں۔

گروپ کا کہنا ہے کہ اُس نے جولائی کے بم حملے ایرانی حکومت کی طرف سے اُن کے لیڈر عبدالمالک ریگی کو پھانسی دیے جانے کے جواب میں کیے تھے۔

XS
SM
MD
LG